پی ایس ایل فائیو کیلئے ٹکٹوں کی قیمتیں مناسب رکھنے کی تجویز
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمت کم رکھنے کی تجویز سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ہاس فل کے لیے ٹکٹوں کی کمائی سے زیادہ سٹیڈیمز بھرنے کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ مجوزہ پلان کے مطابق ڈے میچز کے ٹکٹ کے نرخ کم رکھے جارہے ہیں تاہم نائٹ میچز کے لیے نرخوں میں دو سے تین سو روپے کا اضافہ ہوگا۔میزبان شہر میں ہونے و الے اہم میچز کے ٹکٹ کی نرخوں میں بھی کچھ فرق تجویز کیا گیا ہے، جن میچز میں شائقین کی زیادہ دلچسپی نہیں ہوگی، ان کے ٹکٹ سب سے کم ہوں گے۔ ٹکٹوں کے نرخوں کو چند روز میں فائنل کرکے پرنٹنگ کے لیے آرڈر دے دیاجائے گا۔ٹکٹوں کی فروخت بیس جنوری سے ہوگی، پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بیس فروری کونیشنل سٹیڈیم، کراچی میں جب کہ فائنل بائیس مارچ کو قذافی سٹیڈیم،لاہورمیں شیڈول ہے۔
لیگ کے میچز لاہور،کراچی راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔