سندھ بلوچستان باکسنگ سیریز 11جنوری سے شروع ہوگی

  سندھ بلوچستان باکسنگ سیریز 11جنوری سے شروع ہوگی

  



کراچی (این این آئی)سندھ باکسنگ ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام5 روزہ سندھ بلوچستان مین اینڈ وومن باکسنگ سیریز کا انعقاد بروز ہفتہ11جنوری سے ہوگا۔ سندھ باکسنگ ایسو سی ایشن کے سیکریٹری عبدالرزاق بلوچ کے مطابق سیریز میں شرکت کے لئے بلوچستان کا55رکنی دستہ آج صبح کوئٹہ سے کراچی پہنچ رہا ہے‘ بلوچستان کے دستے میں 20سینئر‘10یوتھ‘10جونیئر باکسرز کے علاوہ6خواتین باکسرز‘5آفیشلز اور4ٹیکنیکل آفیشلز شامل ہیں‘ سیریز کا آغاز استاد محمد سٹو باکسنگ اسٹیڈیم میں ہوگا اور ابتدائی مرحلے کے تمام میچز یہاں ہونگے‘ دوسرے مرحلے کے میچ  کے لئے بیگم نصرت بٹو کمیونٹی ہال فقیر کالونی اورنگی ٹاؤن کراچی ویسٹ کا انتخاب کیا گیا ہے‘ تیسرے مرحلے کے مقابلے استاد عبداللہ بلوچ باکسنگ اسٹیڈیم پیپلز اسپورٹس کمپلیکس ماڑی پور میں ہونگے‘ چوتھے راؤنڈ کے مقابلے شہید بے نظیر بھٹو باکسنگ کلب آئی سی آئی روڈ ساؤتھ کراچی میں شیڈول ہیں‘ جبکہ فائنل مقابلے اور اختتامی تقریب15جنوری کو استاد علی محمد قنبرانی باکسنگ اسٹیڈیم ککری گراؤنڈ میں ہوگی۔ سیریز میں سندھ کی ٹیم میں کراچی کے تمام اضلاع سمیت حیدر آباد‘ میرپور خاص اور سکھر کے باکسرز شامل ہونگے۔ ٹیکنیکل‘وزن اور ڈراز کمیٹی میں فدا حسین  بلوچ‘رستم بلوچ‘عبدالرشید‘جمیل خان اور نواب علی کو شامل کیا گیا ہے‘ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں بلوچستان سے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا انتظام لیاری کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی