پیپلز پارٹی لیبر بیورو کی ذوالفقار بھٹوکی سالگرہ پر تقریب
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لیبر بیورو کے رہنما اشرف خان کے زیراہتمام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 92ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب، سینئر رہنماؤں اور جیالوں نے کیک کاٹا۔ تقریب میں سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن عبدالقادر شاہین، سینئرنائب صدر پنجاب چوہدری اسلم گل، میاں ایوب، سجاد نذیر، خالد بٹ، یاسمین فاروق، ملک احتشام، عامر سہیل بٹ، گلف کے جنرل سیکرٹری رانا خالد، سیکرٹری پبلک ریلیشن گلف سجاد نذیر ملک احتشام، صداقت شیروانی سمیت جیالوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کوخراج تحسین پیش کیا مقررین نے کہاکہ بھٹو خاندان نے جمہوریت اور ملک کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں
، لوگ چھ ماہ میں ڈیل کرکے بھاگ جاتے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو کی حفاظت ہمیں ہر حال میں عزیز ہے، جمہوریت کی دعویدار دوسری سیاسی پارٹیاں بھی قربانیاں دیں، بیانیہ، بیانیہ کرنیوالے آج ڈیل کرکے خاموش ہیں۔ شہید بھٹو نے ایٹم بم اور شہید بی بی نے میزائل ٹیکنالوجی دی جس کی وجہ سے ہم انڈیا سمیت دشمن قوتوں سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتے ہیں۔ ہمیشہ لیڈر قوم کو کچھ دیکر جاتے ہیں لیکن بھٹو خاندان سے پہلے اور بعد میں آنیوالوں نے ہمیشہ لوٹ ماراور عوام کا استحصال ہی کیا۔