حکومتی پالیسیوں سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا،سیف الملوک

  حکومتی پالیسیوں سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا،سیف الملوک

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ پہلے حکومت نے پیٹرول،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا اور اب انہوں نے غریبوں کی سواری میٹرو بس کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے ان کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آگیا ہے، حکومت مہنگائی،بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی بجائے الٹا عوام پر عرصہ حیات تنگ کررہی ہے جس کی وجہ سے عوام کا جسم اور روح کا رشتہ قائم رکھنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا اور ایک وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے ملک کو مستحکم کرنے میں حکومت غریب آدمی کو ریلیف اور انصاف مہیا کرے حکمرانوں نے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے جو اعلانات کئے تھے ان اعلانات کی تکمیل قوم دیکھنا چاہتی ہے۔

 گزرنے والے سال میں ان کی وجہ سے عوام کو بے شمار مسائل اور مصائب سے گزرنا پڑا معاشی ترقی کی رفتار انتہائی سست رہی بے روزگاری نے ہر گھر کا گھیراؤ کررکھا ہے اب تک لاکھوں افراد ملک میں بے روزگار ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہاں گیا وہ اسد عمر جو کہا کرتا تھا کہ پچاس روپے فی لیٹر پٹرول کی قیمت کریں گے کہاں گئے پی ٹی آئی کے ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے وہ دعوے انہوں نے تو پاکستان کی ریاست کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے۔ 

مزید : میٹروپولیٹن 1