برادر ملک ایران نے ہمیشہ پاکستان کا کھل کر ساتھ دیا،منظوروٹو
لاہور(پ ر)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور انجمن تعلقات پاکستان ایران کے چیئرمین میاں منظور حسین وٹو نے وفد کے ہمراہ ایرانی قونصلیٹ میں قونصل جنرل ایران محمد رضا ناظری سے ملاقات کی اور جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ پاکستان کا کھل کر ساتھ دیا ہے۔ خصوصاً کشمیر کے معاملے پر صرف ایران نے دو ٹوک موقف پیش کیا اور ہمیشہ عالم اسلام کی خدمت کی ہے۔ جنرل قاسم سلیمانی ایک عظیم جنرل تھے، دکھ کی اس گھڑی میں ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں انشاء اللہ انجمن تعلقات پاکستان ایران دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید اضافے کے لئے کوششیں کرے گی۔ ملاقات میں علی اصغر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انجمن تعلقات پاکستان و ایران کے صدر شبیر احمد شگری نے انجمن کی جانب سے تعزیتی لیٹر بھی پیش کیا۔ تحریک انصاف کے رہنما میاں اعظم وٹو، پیپلز پارٹی پنجاب کے سینئرنائب صدر محمد اشرف بھٹی اور انجمن تعلقات پاکستان ایران کے صدر شبیر احمد شگری بھی شامل تھے۔