گیس بحران سے صنعتی پہیہ جام ہونے کے خدشات ہیں،نوید بھٹی

گیس بحران سے صنعتی پہیہ جام ہونے کے خدشات ہیں،نوید بھٹی

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے میں گیس کا بحران پیدا کردیا ہے،جس سے ملک کا صنعتی پہیہ جام ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔مسلسل سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ناپید ہوگئی ہے،جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔جمعرات کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ تحریک انصاف کی سلیکٹڈ حکومت نے عوام کی پریشانیوں میں اضافے کا باعث بنتی جارہی ہے۔مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ سے عوام کو اب گیس سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔وفاقی وزراء گیس بحران کا ذمہ دار حکومت سندھ کو ٹھہراکر اپنی ناکامیوں پر پردا ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی معطل ہونے کے باعث کراچی کا صنعتی پہیہ جام ہوگیا ہے اور صنعتیں بند ہونے سے لوگ بیروزگار ہورہے ہیں جبکہ شہر قائد سمیت صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز کی مسلسل بندش نے عوام کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات سے بھی محروم کردیا ہے اور زائد کرایے دے کر اپنی آمد و رفت کو ممکن بنارہے ہیں۔نوید بھٹی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت معیشت سے لے کر خارجہ امور تک ہر شعبے میں مسلسل ناکام ہوگئی ہے۔اگر یہ حکومت عوام کو مزید کچھ عرصہ بھی مسلط رہی تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر