صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا نیا تماشہ دیکھنے کو ملتا ہے،خرم شیر زمان

صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا نیا تماشہ دیکھنے کو ملتا ہے،خرم شیر زمان

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا نیا تماشہ دیکھنے کو ملتا ہے۔پیپلز پارٹی ملک دشمن جماعت ثابت ہو رہی ہے۔جو اس ملک کا پیسہ کھائے گا وہ ملک دشمن ہے۔بینظیر بھٹو کی ہم سب عزت کرتے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ کے نام پر ہزاروں لوگوں کو چونا لگایا گیا۔بیس بیس گریڈ تک کے افسران نے بینظیر انکم سپورٹ کے کارڈ حاصل کئے۔افسران نے اپنی بیگمات کے نام پر کارڈ حاصل کر رکھے ہیں۔ہمارے علم میں آیا ہے کہ کچھ منسٹرز بھی اس کام میں شامل ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے سندھ اسمبلی میں قراردار جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی، عمران صدیقی اور دیگر موجود تھے۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ آڈیٹر جنرل نے بھی کہا کہ سندھ میں زکوۃ کی رقوم میں بھی بے ضابطگیاں ہوئیں۔ہم قوم کے پیسے کھانے والوں کو اسمبلیوں میں کیسے بیٹھنے دیں۔بلاول کو چاہئے کہ اپنی عظیم والدہ کے نام پر جاری اس پروگرام کا نام تبدیل کردیں۔بلاول بھی شرمندہ ہونگے کہ ان کے لوگ ان کی والدہ کے نام پر کیا کام کر رہے ہیں۔چیف جسٹس ان گھپلوں کا نوٹس لیں اور ملوث افسران کے خلاف نوٹس لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے وزیر اعظم ایماندار ہیں، ہم ان چوروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔وعدہ کرتا ہوں کہ ان افسران کو نام لے کر ایکسپوز کریں گے۔شک ہے کہ پیپلز پارٹی کے وزرا بھی اس کام میں شامل ہیں ان کے خلاف بھی تحقیقات کریں گے۔ہماری تحقیقات کے مطابق کارڈز کے اجرا میں سندھ کے پچاس فیصد افسران ملوث ہیں۔یقین رکھیں کہ پی ٹی آئی کا کوئی ورکر ملک کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔ہم کسی کرپٹ شخص کی حمایت ملک سے غداری سمجھتے ہیں۔کرپشن میں ملوث لوگوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔پیپلز پارٹی نے اپنی شہید رہنما کے نام پر بڑے پیمانے پر کرپشن کی۔ریکارڈ پروگرام تلف کرنے کے لئے آگ ہر جگہ لگ رہی ہے۔این آئی سی وی ٹی، این آئی سی ایچ اور جے پی ایم سی سے کوئی ریکارڈ یا مشینری ادھر ادھر ہوئی تو نہیں چھوڑیں گے،سندھ حکومت ریکارڈ ز تیار رکھے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...