120مرد بشمول 35خواتین سفیر بلدیات  پروگرام میں میرٹ کو برقرار رکھا گیا ہے: کامران بنگش

120مرد بشمول 35خواتین سفیر بلدیات  پروگرام میں میرٹ کو برقرار رکھا گیا ہے: ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش اور وزیر صحت شہرام ترکئی نے ضم شدہ اضلاع میں مقامی حکومتوں کی اہمیت، اس کی کارکردگی اور اس سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے سفیر بلدیات پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ پشاور کے مقامی ہوٹل میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ سفیر بلدیات ایک میگا پراجیکٹ ہے جس سے ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ سفیربلدیات مقامی سطح پر ترقی و خوشحالی کے لئے کام کریں گے تاکہ ضم شدہ اضلاع میں حکومتی اہداف جلد از جلد حاصل ہو سکے۔  سفیربلدیات پروگرام کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے معاون بلدیات نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی امور کی نگرانی، ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور مقامی لوگوں کی اس میں شمولیت حکومت کے لئے ایک چیلنج تھا جس پر اب سفیربلدیات پروگرام کے تحت قابو پالیں گے۔ 120 مرد بشمول35 خواتین سفیربلدیات پروگرام میں میرٹ اور اہلیت کو برقرار رکھاگیا تاکہ مقامی لوگوں کے ذریعے مقامی مسائل حل کئے جاسکیں۔ ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی پروگراموں کو جاری رکھنے کے حوالے سے معاون بلدیات کامران بنگش نے واضح کیا کہ نئے اضلاع میں ترقی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ وہاں پر ترقی کا عمل مزید تیز ہواور وہاں پر پائی جانے والی احساس محرومیوں کا خاتمہ ہو۔ سفیربلدیات ضم شدہ اضلاع میں امن اور ترقی کا حکومتی پیغام گھر گھر تک پہنچائیں۔سفیربلدیات پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیرصحت خیبرپختونخوا شہرام خان ترکئی، مشیر سائنس و آئی ٹی ضیاء اللہ بنگش، ترجمان خیبر پختونخوا حکومت اجمل وزیر، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد، سیکرٹری انفارمیشن سید امتیازحسین شاہ سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی۔ سفیربلدیات پروگرام کو ترقی کا نیا باب قرار دیتے ہو ئے وزیرصحت شہرام خان ترکئی نے کہا خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع کا انضمام ایک تاریخی قدم تھا جس کے بعد وہاں معاشی، معاشرتی اور سماجی تبدیلی کی راہ ہموار ہوئی ہے قبائلی اضلاع کی آنے والی نسلوں کا مستقبل ہمیشہ کے لئے محفوظ بنادیاگیا۔ ضم اضلاع کے عوام کو انضمام کے ثمرات اور بلدیاتی نظام کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے سفیربلدیات آگاہی پروگرام شروع کیا گیاہے۔ یہ سفیربلدیات ضم اضلاع میں حقیقتاًسفراء جمہوریت کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفیربلدیات کے لئے قبائلی اضلاع ہی کے نوجوانوں کو چنا گیا ہے جو مختلف اضلاع میں جا کر نہ صرف انضمام کے ثمرات سے آگاہ کریں گے بلکہ انہیں نئے بلدیاتی نظام اور اس کے نتیجے میں نچلی سطح پر تحلیل ہونے والے اداروں اور ان کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کریں گے۔ پروگرام کے آخر میں معاون بلدیات کامران بنگش، وزیرصحت شہرام خان ترکئی، مشیر سائنس و آئی ٹی ضیاء اللہ بنگش اور ترجمان خیبرپختونخوا حکومت اجمل وزیر نے ضم شدہ اضلاع میں صاف و پاک ماحول فراہم کرنے کے لئے کچرا اٹھانے والی گاڑیوں اور کنٹینرز کی چابیاں مختلف ضم شدہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کیں۔ 

مزید : پشاورصفحہ آخر