ریگی میں ضلعی انتظامیہ کی  کھلی کچہری،مسائل کے انبار

ریگی میں ضلعی انتظامیہ کی  کھلی کچہری،مسائل کے انبار

  



 پشاور (سٹی  رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے دیہاتی علاقے ریگی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا تھا۔ کھلی کچہری میں وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا،وزیر جنگلات سیداشتیاق ارمڑ، ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر، اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین، تحصیلدارچمکنی گل شہزاد سمیت ماتحت محکموں کے افسران، ڈی سی رضا کار فو رس کے عامرنواب، ملک افتخار، ریونیو سٹاف،عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔چمکنی کے علاقے مسکین آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔ عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے۔ اس موقع پر لوگوں نے اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔کھلی کچہری میں شکایت کی گئی کہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیا دہ ہے اس لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جا ئے جبکہ علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے سوئی گیس کا پریشر زیادہ کیا جائے۔انھوں نے شکایت کی کہ مسکین آباد میں بجلی کے پول اور سوئی گیس کے پائپ بچھائے جائیں۔کھلی کچہری میں شکایت کی گئی کہ سردارگڑھی میں پانی کی ٹینکی بہت پرانی اور بوسیدہ ہے اور کسی وقت بھی گر سکتی ہے اس لیے پرانی ٹینکی کو گرا کر نئی ٹینکی بنائی جائے۔ اس حولے سے محکمہ پی ایچ ای کو ہدایت جاری کر دی گئیں۔انھوں نے کہا کہ علاقے میں بازاروں اور نالیوں پر تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔ ان تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ چمکنی کے لیے نالیوں سے نکاسی کے لیے نظام بنایا جائے اور علاقے میں موجود بی ایچ یو میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں وزیر خزانہ، وزیر جنگلات اور ڈپٹی کمشنر پشاور سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پروزیر خزانہ،، وزیر جنگلات اور ڈپٹی کمشنر پشاو رنے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے وزیر خزانہ اور ضلعی انتظامیہ پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر