چیف سیکرٹری کی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت 

    چیف سیکرٹری کی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت 

  



مردان (بیورورپورٹ)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی حکومت عوام کوگھر کی دہلیز پر سہولیات دینے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے تعمیراتی کام کے لئے فنڈز بہت جلد فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مردان سپرلیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طو ر پر دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔تخت بھائی کھنڈرات میں سیاحوں کو مزید سہولیات دینے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جار ی تعمیراتی کام،مردان سپرلیگ کی تیاریوں،مردان ٹی ہاؤس کے افتتاح،سستا بازار،پناہ گاہ،لنگر خانہ اور تخت بھائی کے کھنڈرات کے دورے کے موقع پر کیا۔کمشنر مردان ڈویژن مطہرزیب،ڈپٹی کمشنر محمد عابد وزیر، صوبائی اسمبلی کے رکن ظاہر شاہ طورو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد،اسسٹنٹ کمشنر گل بانو اور مردان سپرلیگ کے چیئرمین حاجی عبد العزیز خان کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی تعمیراتی کام کے لئے فنڈز جلد از جلد ریلیز کئے جائیں گے۔انہوں نے سی اینڈ ڈبلیو حکام کی جانب سے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایک ارب11کروڑ کی خطیر رقم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے لئے فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کے فلاح و بہود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ سستا بازار کو مزید فعال بنایا جائے۔انہوں نے شیلٹر ہاؤس کا معائنہ بھی کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غرباء،مسافروں اور بے سہارا افراد کو مزید سہولیات دینے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔اس موقع پرمردان سپرلیگ کے چیئرمین حاجی عبد العزیز خان نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہے۔مردان سپورٹس کمپلیکس کے کرکٹ گراؤنڈ میں تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہے جن میں باغ ارم بریالی،کاٹلنگ پختون،تخت بھائی باتوران،طورو بہادران،رستم ننگیالے اور ہوتی زلمی شامل ہیں۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کھیلوں کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔چیف سیکرٹر ی نے تخت بھائی کھنڈرات کا دورہ بھی کیا اور کہاکہ بدھ مت کے آثار کو محفوظ بنانے پر صوبائی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں اور بیرون ممالک سیاحوں کو مزید سہولیات دیے جائیں گے۔انہوں نے کمشنر مردان ڈویژن کے دفتر میں ڈویژن کے محکموں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کریں۔حکومتی اقدامات عوام کے فلاح و بہود کے لئے ہوتے ہیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر