5اگست کے بھارتی اقدامات آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

5اگست کے بھارتی اقدامات آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

  



مظفرآباد(این این آئی)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے پاکستان کی ساری جماعتوں کے سربراہان کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میزبانی حکومت آزاد کشمیر اور ساری سیاسی جماعتیں مشترکہ طور پر کریں گی۔ کل جماعتی کانفرنس میں 5اگست کے بعد اٹھانے جانے والے ہندوستانی اقدامات اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان سے صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیرچوہدری لطیف اکبر نے میاں عبدالوحید اور سردار جاوید ایوب کے ہمراہ ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے آل پاکستان کل جماعتی کانفرنس کیلئے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے اتحاد کو خوش آئند اور وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کی سفارشات سے متفق ہیں اور ان پر عملدر آمد کے لیے آزاد کشمیر کی حکومت اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔ ملاقات کے دوران طے پایا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اہم ترین قومی مسئلہ کشمیر پر متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو دعوت دینے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اس حوالے سے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس 12جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا۔

آل پارٹیزکانفرنس

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر