بچوں کے ہسپتال میں آگ لگنے سے نوزائیدہ بچی جاں بحق
کراچی(ویب ڈیسک) کراچی کے ادارہ برائے امراض اطفال میں آگ لگنے سے نوزائیدہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ محکمہ صحت سندھ نے تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپرواہی سے کراچی میں بچوں کے ہسپتال میں آگ لگی تاہم ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ) میں آگ لگنے کے واقعہ کو ڈائریکٹر ہسپتال نے حادثہ قرار دے کر جاں چھڑا لی اور کہا کہ انکیوبیٹر میں آکسیجن ہوتی ہے جس کی وجہ سے آگ لگی۔این آئی سی ایچ کے آئی سی یو لگنے والی آگ نے بچے کے انکیوبیٹر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے انکیوبیٹر میں موجود 4 دن کی بچی موت کے منہ میں چلی گئی۔
ہسپتال انتظامیہ نے والدین کے ساتھ اظہار تاسف کر کے خود کو ذمہ داری سے مبرا قرار دے دیا لیکن آگ کو روکنے کے لیے کوئی احتیاطی تدابیر نہیں اپنائی گئی تھی۔محکمہ صحت کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کا سربراہ اسپیشل سیکرٹری ایڈمن محکمہ صحت کو بنایا گیا ہے۔ کمیٹی کو 3 روز میں واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔