سعودی عرب میں مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا، بھاری جرمانہ

سعودی عرب میں مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا، بھاری جرمانہ
سعودی عرب میں مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا، بھاری جرمانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ویب ڈیسک) سعودی عرب پروازوں کے مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا، سعودی عرب کی گرائونڈ ہینڈلنگ سروس نے پی آئی اے پر 72 ہزار ریال جرمانہ کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب سے پاکستان آنے اور جانے والی پروازوں کا مسافروں کا سامان چھوڑ آنا معمول بن گیا ہے، مختلف ائیر پورٹس پر مسا فروں کا سامان نہ ملنے پر احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔سعودی عرب کی گرائونڈ ہینڈلنگ سروس نے پی آئی اے پر 72 ہزار ریال جرمانہ کر دیا ہے، دوسری طرف پی آئی اے کو دسمبر میں ایس جی ایس کو ورک آرڈر کے ذریعے ادائیگیاں کرنا پڑیں، ایس جی ایس نے یومیہ سامان کے ایک کنٹینر پر ایک ہزار ریال وصول کیے

۔اے آر وائی نیوز کے مطابق ریاض سے مختلف شہروں میں جانے والی پی آئی اے کی پرواز روزانہ مسافروں کا سامان چھوڑ کر چلی جاتی تھی، ریا ض سے اسلام آباد پی کے 754 ستر مسافروں کا سامان چھوڑ آئی تھی، اسلام آباد ائیر پورٹ پر مسافر اپنے سامان کے حصول کے لیے کافی دیر سے کھڑے تھے، سامان نہ پہنچنے پر انھوں نے احتجاج شروع کر دیا۔لاہور سے ریاض پی کے 725 بھی پچاس سے زائد مسافروں کا سامان چھوڑ کر چلی گئی تھی، ریاض ائیر پورٹ پر سامان نہ ملنے پر مسا فروں نے احتجاج کیا، چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ پی آئی اے سعودی عرب کے لیے مسلسل ائیر بس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے جس کی وجہ سے لوڈ کم کرنے کے لیے سامان نہیں بھیجا جا رہا، ریاض ائیر پورٹ پر مسافروں کا سامان جمع ہونے اور پاکستان نہ بھیجنے پر سعودی ائیر پورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔