ایئر پورٹس پر جرائم کی ڈیلنگ ، مسافر زمین پر پڑے رہتے ہیں، کوئی پوچھتا نہیں، چیف جسٹس برہم

ایئر پورٹس پر جرائم کی ڈیلنگ ، مسافر زمین پر پڑے رہتے ہیں، کوئی پوچھتا نہیں، ...
ایئر پورٹس پر جرائم کی ڈیلنگ ، مسافر زمین پر پڑے رہتے ہیں، کوئی پوچھتا نہیں، چیف جسٹس برہم

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ ملک میں ائیرپورٹس پر جرائم کی ڈیلنگ ہوتی ہے ، کوئی اس معاملے کو روکنے والا نہیں ہے ، مسافر زمین پر پڑے ہوتے ہیں، ان کوئی پوچھتا نہیں ہے ۔

جیو نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں فلائٹس کی تاخیر اور مسافروں کو سہولیات سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی۔اس موقع ڈی جی سول ایوی ایشن کے بجائے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سے مسافروں کو سہولیات سے متعلق عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے تواس پر چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف بھاری تنخواہ لینا ہی آپ کا کام نہیں، جب کچھ پتہ ہی نہیں تو یہاں کیوں آئے ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹس پر مسافر زمین پر پڑے ہوتے ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا، مسافروں کے ساتھ سول ایوی ایشن والے کیا کرتے ہیں، سب معلوم ہے، آپ نے کچھ نہیں کیا، آپ کو کچھ پتہ ہی نہیں ہے، کون جواب دے گا،آپ کوکچھ پتہ ہی نہیں ہے، اتنی بات آپ کو سمجھ نہیں آرہی، آپ کیا ڈائریکٹر بنیں گے۔انہوں نے کہا اگر کوئی فلائٹ تاخیر کا شکار ہوتی ہے تو مسافروں کو ٹھہرانے کے لیے کوئی جگہ ہے؟ اس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھاکہ یہ متعلقہ ائیر لائن کی ذمہ دار ی ہوتی ہے۔جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ ہوائی جہاز سے جانے کا مقصدلوگوں کا وقت بچانا ہوتا ہے، فلائٹ منسوخی کی کیا ادائیگی کرتے ہیں؟ اس پر ایڈیشنل ڈی جی نے بتایا کہ یہ کام ائیر لائن نے کرنا ہوتا ہے وہ مسافروں کو کرایہ واپس کردیتے ہیں۔اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ائیر پورٹ کی تعمیر جس طرح ہوئی ہے وہ کسی بھی دن گرجائے گا، حکومت دس دفعہ اس کی قیمت ادا کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم کی ڈیل ائیر پورٹس پر ہوتی ہے، کوئی کسی کو روکنے والا نہیں، ملک سے فارن کرنسی باہر جا رہی ہے، ائیرپورٹ ریکٹ ہے، دنیا بھرکا اسلحہ تک آتا ہے۔مسافروں کا کوئی پرسال حال نہیں ، بعد ازاں کیس کی سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی کردی گئی۔

مزید : قومی /اہم خبریں