”ورلڈکپ میں بھارت سے کہیں زیادہ اچھا کھیلیں گے“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم بھارتی ٹیم سے کہیں زیادہ پرجوش انداز میں کھیل پیش کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ورلڈکپ جنوبی افریقہ میں شیڈول ہے جس میں شرکت کیلئے قومی انڈر 19 ٹیم بھی آج روانہ ہو گئی ہے۔ اگرچہ گرین شرٹس نے ایشین ایمرجنگ ٹیمز کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی تھی لیکن ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کو ہر مرتبہ کامیاب رہی ہے۔
اعجاز احمد نے قومی ٹیم کی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”بھارت کا کرکٹ سسٹم بہت اچھا ہے لیکن میں جانتا ہوں کہ ہمارے کھلاڑی زیادہ پرجوش ہیں اور اس وجہ سے ہی ہم نے ایمرجنگ ٹیمز کپ کے سیمی فائنل میں انہیں شکست بھی دی تھی، میرے ذاتی خیال میں ہماری ٹیم بہت متوازن ہے۔“
ان کا کہنا تھا ”حتیٰ کہ ماضی میں بھی ہم نے زیادہ جوش و جذبے کے باعث ہی بھارت کو ہرایا اور میں جانتا ہوں کہ اس مرتبہ بھی یہ جذبہ بھارتی ٹیم پر غالب آئے گا، کون سی ٹیم نمبر ون ہے یا کون دفاعی چیمپین ہے، ورلڈکپ میں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، صرف بہترین کھیل ہی اہمیت کا حامل ہو گا۔“
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا ”ہمارے کھلاڑیوں نے لاہور میں ٹریننگ کے دوران سخت محنت کی اور 11 میچز کھیلے جبکہ ہم ورلڈکپ کے آغاز سے 9 دن پہلے ہی جنوبی افریقہ پہنچیں گے اور پریکٹس میچز کھیلیں گے اور میں سمجھتا ہوں کہ ٹورنامنٹ کیلئے ہماری تیاری بہت اچھی ہیں۔“