امریکی صدر بدمست ہاتھی کی طرح پوری دنیا پر اپنا تسلط چاہتاہے:قمر زمان کائرہ

 امریکی صدر بدمست ہاتھی کی طرح پوری دنیا پر اپنا تسلط چاہتاہے:قمر زمان کائرہ
 امریکی صدر بدمست ہاتھی کی طرح پوری دنیا پر اپنا تسلط چاہتاہے:قمر زمان کائرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اٹک( ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر بد مست ہاتھی کی طرح پوری دنیا پر اپنا تسلط چاہتاہے،امریکی صدر باکسر کی طرح ہر چیز کو ملیا میٹ کرنا چاہتا ہے،ملک حاکمین خان نے اپنی پوری زندگی پیپلز پارٹی کو دی ان جیسا وفادار ،خوش گفتار ، خوش لباس انسان کسی بھی جماعت کا سرمایہ ہوتا ہے اور انہوں نے وفا داری کی وہ مثال قائم کی جس کی نظیر چراغ لے کر ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتی .

 پاکستان پیپلز پارٹی  سینیئر رہنماملک حاکمین خان کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ عالمی طاقتوں اور عالمی سرمایہ داری نظام نے اس سے پہلے ،پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں دنیا کے نقشے یکسر تبدیل کیے، یہ جنگیں بھی بڑی طاقتوں اور سرمایہ داری نظام کی ضرورتوں کے لیے ہوئی تھیں، اس میں کروڑوں لوگ ناحق قتل ہوئے ، آج پھر امریکی نظام اور سرمایہ داری پھنسی ہوئی  ہے اور اس طرح کے بڑے ہنگامے کرنا چاہتے ہیں جس طرح انہوں نے ایرانی جنرل کوعراق میں قتل کیا، امریکہ کا صدر بد مست ہاتھی اورعجیب و غریب مزاج کا حامل ہے،وہ اس طرح کا صدر ہے کے جس کے خلاف ان کی اپنی حکومت اور اپنے لوگ آواز بلند کر رہے ہیں، امریکہ نے اور عالمی سرمایہ داری نظام نے عراق ، لبیا، شام، افغانستان اور پورے خطے کو غیر مستحکم کیا ہوا ہے ، ایرانی جنرل کا قتل قابل مذمت ہے جس کی مذمت خود امریکہ میں کی جا رہی ہے ، ہماری حکومت بیچاری اس بارے میں کیا کر سکتی ہے؟ہم کشمیریوں کے لیے کچھ نہیں کر سکے،ایرانیوں کے لیے ہم کیا کریں گے؟ پاکستان کو اپنے طور پر خطے میں امن کے لیے کوشش کرنی چاہیے، تاکہ خطہ میں کشیدگی کم ہو، حالات خراب پر اس کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہونگے ،مسلمان اور ایک اچھے ذمہ دا ر پڑوسی کے طور پر ہمیں اپنا کردار ضرور ادا کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ سروسزچیف کی ملازمت کے حوالے سے فاضل سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں تحریر کیا کہ اس قانون میں سقم ہے،توسیع کے سلسلہ میں قانون میں کوئی وضاحت نہیں تھی ،عدالت نے کہا کہ اسے قانونی شکل دی جائے اور اس کے لیے پارلیمنٹ کو چھ ماہ کی مدت کا کہاگیا،پارلیمنٹ کی جانب سے منظور ہونے والے قانون میں تحریر ہے کہ سروسز چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار وزیر اعظم کا ہے ، وزیر اعظم کا اختیار ہے کہ وہ سروسز چیف کی نامزدگی کریں اور ان کی مدت ملازمت میں توسیع کریں ، وزیر اعظم کے اختیار کو کون سی جماعت قد غن لگاتی، ہم نے جنرل باجوہ سمیت کسی کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں بلکہ وزیر اعظم کے اختیارات کو قانونی شکل دی ہے۔انہوں نے شیخ رشید کے بیان پر تبصرہ کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ا س پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کیوں کہ شیخ رشید چٹکلے چھوڑنے کے عادی ہیں۔