قصور، معصوم زینب کی دوسری برسی آ ج منائی جائے گی

قصور، معصوم زینب کی دوسری برسی آ ج منائی جائے گی

  



قصور(بیورورپورٹ)زینب کو بچھڑے دوسال ہو گئے، دوسری برسی آج سادگی سے منائی جائے گی۔ آبائی گھر کی قریبی مسجد میں قرآن خوانی تقریب ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق 7سالہ زینب جس کو 2018 میں درندگی کا نشانہ بنا کر قتل کردیا گیاتھا۔4جنوری کو اغواء ہونے والی زینب امین کی نعش 10جنوری کو کچرا کنڈی سے ملی تھی جسے عمران نامی شخص نے اپنی حیوانیت کانشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا تھا۔قبل ازیں زینب شہید کے نام سے منسوب زینب الرٹ بل منظوری کا منتظرہے۔معصوم بچوں کے تحفظ کے لیے بل پچھلے چھ ماہ سے زائد کے عرصے سے التوا کا شکار ہے۔تفصیلات کے مطابق زینب کے والد امین انصاری نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہم زینب کی وفات کے دو سال بعد بھی زینب الرٹ بل کی منظوری کے منتظر ہیں۔بل میں تاخیر حکومت اور اپوزیشن دونوں کی معصوم بچوں کے محفوظ مستقبل پر غیر ذمہ دارانہ رویہ اور بچوں کے تحفظ میں عدم دلچسپی کا عملی مظاہرہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ بل کی اجلت میں منظوری ہو سکتی ہے۔تو پچھلے چھ ماہ سے پینڈنگ پڑے ہوئے زینب الرٹ بل کی منظوری کیوں نہیں ہو سکتی۔اگر یہ بل یہ منظور ہو جاتا تو کئی معصوم بچوں اور بچیوں کو بد اخلاقی کا نشانہ بنانے والے حیوانوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جا سکتا تھا۔ مگر بل پاس نہ ہونے کی وجہ سے کئی ملزمان قانون کی خامیوں کا فائدہ اُٹھا کر بچ رہے ہیں۔امین انصاری نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اگر واقعہ ہی عمران خان کے وژن کے مطابق بچوں کو تحفظ دینے میں سنجیدہ ہے تو جلد از جلد زینب الرٹ بل کو پاس کروائے۔

برسی

مزید : صفحہ آخر


loading...