شکرگڑھ بارالیکشن، یوسف زین طور ایڈووکیٹ دوبارہ صدر منتخب، جنرل سیکرٹری کی نشست پر مقابلہ برابر، فیصلہ پنجاب بار کونسل کے سپرد
شکرگڑھ(ڈیلی پاکستان آن لائن) شکر گڑھ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 22-2021 میں دوسری بار بھی یوسف زین طور ایڈووکیٹ بازی لے گئے، جنرل سیکرٹری کی نشسست پر ووٹ برابر، معاملہ پنجاب بار کونسل کے پاس چلاگیا۔
شکرگڑھ بار کے الیکشن برائے سال 22-2021 میں یوسف زین طور نے ایک بار پھر بازی مار لی اور دوسری بار صدر منتخب ہوگئے۔انہوں نے 164 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف امیدوار ندیم حیات 151 ووٹ حاصل کر سکے، کل 331 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 15 مسترد ہوگئے۔
دوسری جانب جنرل سیکرٹری کی نشست پرمحمد قاسم ہدایت اور عمر فاروق ایڈووکیٹ کے درمیان مقابلہ برابر ہوگیا۔ دونوں امیدواروں نے161، 161 ووٹ حاصل کیے جس کے باعث یہ معاملہ پنجاب بار کونسل کو بھیج دیا گیا ہے۔شکر گڑھ بار کے الیکشن میں قدیر احمد ایڈووکیٹ 173 ووٹ لے کر نائب صدر منتخب ہوگئے۔
دوبارہ صدر منتخب ہونے والے یوسف زین طور ایڈووکیٹ کے حامیوں نے ان کی جیت کا بھرپور جشن منایا۔ ان کے حامی وکلا نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نوٹ بھی نچھاور کیے۔ وکلا کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا، مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔