کافی پینے سے عمر میں اضافہ ہو سکتا ہے، نئی تحقیق میں انکشاف

Jan 10, 2025 | 12:29 AM

لزبن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پرتگال کی یونیورسٹی آف کوئمبرا  کے محققین کی ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کافی کے معتدل استعمال سے انسان کی صحت مند زندگی کی مدت اوسطاً 1.8 سال بڑھ سکتی ہے۔ یہ تحقیق انسٹیٹیوٹ فار سائنٹیفک انفارمیشن آن کافی (آئی ایس آئی سی) کی معاونت سے کی گئی، جو کافی انڈسٹری کی مشہور کمپنیوں جیسے illycaffè، JDE Peet's، Lavazza، Nestlé، Paulig، اور Tchibo کے تعاون سے چلائی جاتی ہے۔ اس تحقیق کا جائزہ معروف جریدے ایجنگ ریسرچ ریویوز میں  شائع ہوا ہے۔ تحقیق میں 50 سے زائد پچھلی ریسرچز کا جائزہ لیا گیا تاکہ کافی کے انسان کی زندگی پر ممکنہ اثرات کو سمجھا جا سکے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق  محققین کا کہنا ہے کہ کافی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور غذائی اجزاء عمر بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے اہم فوائد درج ذیل ہیں:

1: اینٹی آکسیڈنٹس کا ذخیرہ

کافی میں موجود کلورو جینک ایسڈ اور پولی فینولز جیسے اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں آکسیڈیٹو سٹریس کو کم کرکے انفلیمیشن کو روکتے ہیں، جو عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرتے ہیں اور دائمی بیماریوں سے بچاتے ہیں۔

2: دل کی صحت میں بہتری

معتدل کافی کے استعمال سے دل کی بیماری، سٹروک، اور دل کے فیل ہونے کے خطرات کم ہو سکتے ہیں، کیونکہ یہ شریانوں کی حفاظت کرتی ہے اور سوزش کو کم کرتی ہے۔

3: میٹابولزم اور انسولین سینسٹیویٹی میں اضافہ

کافی میٹابولزم کو تیز کرتی ہے اور انسولین کے اثر کو بہتر بناتی ہے، جس سے میٹابولک سنڈروم اور ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

4: دماغی صحت کے لیے مفید

کافی میں موجود کیفین اور اینٹی آکسیڈنٹس دماغی خلیوں کی حفاظت کرتے ہیں اور الزائمر اور پارکنسن جیسی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔

5: جگر کی بیماریوں کا کم خطرہ

تحقیق کے مطابق کافی کے استعمال سے جگر کے امراض جیسے جگر کی سوزش، فائبروسس، اور کینسر کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔

6: کینسر کے خطرات میں کمی

کافی میں موجود بایوایکٹیو کمپاؤنڈز کینسر کے خلیوں کی افزائش کو روکتے ہیں، خاص طور پر کولوریکٹل اور جگر کے کینسر میں۔

7: جسمانی قوت اور توانائی میں اضافہ

کافی جسمانی طاقت اور برداشت کو بڑھاتی ہے، جو صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے۔

8: ڈپریشن اور موڈ میں بہتری

کافی نیورو ٹرانسمیٹرز جیسے ڈوپامین اور سیروٹونن کو فعال کرکے موڈ بہتر بناتی ہے اور ڈپریشن کے خطرے کو کم کرتی ہے۔

9: آنتوں کی صحت میں بہتری

کافی معدے کے تیزاب کی پیداوار کو بڑھاتی ہے اور آنتوں کی حرکت کو بہتر کرتی ہے، جبکہ اس کی پری بائیوٹک خصوصیات آنتوں کے مائکرو بایوم کو بہتر بناتی ہیں۔

10: صحت مند زندگی کی مدت میں اضافہ

کافی کے باقاعدہ استعمال سے مختلف اعضاء اور جسمانی نظام پر حفاظتی اثرات کے نتیجے میں صحت مند زندگی کی مدت بڑھ سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ فوائد زیادہ تر کافی کے معتدل استعمال (یعنی روزانہ 3 سے 4 کپ) کے ساتھ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں