کسٹم انٹیلی جنس نے چھاپہ مار کر غیر ملکی سگریٹ کی سمگلنگ ناکام بنا دی
لاہور(کامرس رپورٹر) کسٹم انٹیلی جنس لاہور ریجن نے چھاپہ مار کر غیر ملکی سگریٹ کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ۔ کورین برانڈ کے پائن سگریٹ دو مزڈوں کے ذریعے پشاور سے لاہور لائے جا رہے تھے ۔ کسٹم انٹیلی جنس نے اطلاع پر لاہور کے داخلی راستے پر ناکہ لگایا اور مزڈوں کو روک کر سگریٹ برآمد کر لئے ۔ کسٹم انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق غیر ملکی سگریٹ کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے ۔ ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس سمیرا نذیر نے روزنامہ ”پاکستان“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ غیر ملکی سگریٹ افغانستان سے پشاور لائے جاتے ہیں اور پشاور سے لاہور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں سمگل کر دیئے جاتے ہیں غیر ملکی سگریٹوں کی سمگلنگ سے سگریٹ کی ملکی انڈسٹری کو شدید نقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں مزدے قبضہ میں لے کر چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے غیر ملکی سگریٹ کی سمگلنگ کی جین کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات کی جا رہی ہے ۔