وہیل مچھلی کے گوشت سے لدے بحری جہاز کو روسی حدود سے گزرنے کی اجازت نہ دی جائے، پامیلا اینڈرسن
واشنگٹن(اے پی پی) مشہور امریکی فلم سٹار پامیلا اینڈرسن نے روس کے صدر والدی میر پیوٹن سے درخواست کی ہے کہ وھیل مچھلی کے گوشت سے لدے ایک بحری جہاز کو روس کے علاقے گذرنے والے شمالی بحری راستے پر چلنے کی اجازت نہ دی جائے۔ پامیلااینڈرسن کے مطابق ونٹر بے نامی یہ جہاز فن وہیل نامی نایاب وہیل مچھلی کے 1700 ٹن گوشت کو آئس لینڈ سے جاپان لے جا رہا ہے۔
اس قسم کی وہیل مچھلیوں کے شکار پر 1982 میں پابندی لگائی گئی تھی لیکن2006 میں آئس لینڈ نے یکطرفہ طور پر یہ پابندی منسوخ کر دی تھی۔ اس وقت جہاز ونٹر بے ناروے میں شمالی بحری راستے کے کھل جانے کے انتظار میں ہے۔ اس سے پہلے اس جہاز کو نہر سویز اور نہر پاناما سے گذرنے کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ نایاب وہیل مچھلی کے گوشت کی منتقلی بین الاقوامی قوانین کے برخلاف ہے۔