شاہین ون ڈے میں بھی 9سال پرانی فتح کا مزا چکھنے کیلئے تیار

شاہین ون ڈے میں بھی 9سال پرانی فتح کا مزا چکھنے کیلئے تیار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کولمبو (آئی این پی) پاکستان اور سری لنکا کے مابین 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ہفتہ کو دمبولا میں کھیلا جائے گا‘ دونوں ٹیمیں دمبولا پہنچ گئی ہیں‘ پاکستان نے 2006سے ابتک کوئی سیریز سری لنکا میں نہیں جیتی ہے قومی ٹیم نے آخری بار 2006میں انضمام الحق کی قیادت میں میزبا ن کو 3ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 2-0سے شکست دی تھی،پاکستان کو چیمپینز ٹرافی میں شرکت کر نے کیلئے سری لنکا کو 3-2سے شکست دینے کا چیلنج درپیش ہو گا۔مجموری طور پر اب تک کھیلے گئے دونوں مما لک کے درمیان ایک روزہ میچوں میں پاکستان کو سری لنکا پر برتری حاصل ہے اب تک کھیلے گئے دونوں ٹیموں کے مابین 142میچوں میں سے پاکستان نے 81 میچوں میں فتح ‘ 56میچوں میں شکست جبکہ ایک میچ برابر اور چار میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹیسٹ سیریز کے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ گیارہ جولائی کو سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیمیں دمبولا پہنچ چکی ہیں۔ پاکستان ٹیم نے ایک روزہ ٹیم کے لئے اعلان کردہ کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کو سری لنکا میں جوائن کرلیا ہے اور ٹیم کے ساتھ پریکٹس کررہے ہیں۔ قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد پرامید ہیں کہ قومی ٹیم ایک روزہ سیریز میں بھی اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی۔ دوسری طرف قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کا مورال ہائی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کی طرح میزبان کو ایک روزہ سیریز میں بھی شکست سے دوچار کرینگے۔ قومی ٹیم کے قائد اظہر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لئے سیریز جیتنا ضروری ہے اس لئے ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک روزہ سیریز میں جیت کے لئے سرتوڑ کوششیں کریں گے۔ پاکستان کو 2017میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کر نے کیلئے سری لنکا کو 5میچوں کی سیریز میں 3-2سے جیتنے کا چیلنج درپیش ہو گا،پاکستان اس وقت آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 9ویں ،ویسٹ انڈیز 8ویں اور بنگلہ دیش 7ویں نمبر پر براجمان ہے۔چیمپئنز ٹرافی میں وہ ہی ٹیمیں شرکت کر سکیں گی جو 31دسمبر تک پہلے 8نمبرز پر براجمان ہوں گی ۔،ویسٹ انڈیز کو آٹھویں نمبر سے نیچے کھسکانے کیلئے گرین شرٹس کو سری لنکا کیخلاف سیریز میں بڑے فرق سے کامیابی درکارہوگی،قومی ٹیم کی میزبان سری لنکن ٹیم کیخلاف تین ،دو سے فتح اسے معمولی فرق کی بدولت کیریبین سائیڈ سے اوپر پہنچا دے گی،چار،ایک سے جیت کر پوائنٹس 92اور کلین سوئپ کرنے سے 94تک جا پہنچیں گے ۔ دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر اب تک کھیلے گئے 142 ایک روزہ میچوں میں سے پاکستان نے 81میچوں میں جبکہ سری لنکا نے 56میچوں میں فتح حاصل کی جبکہ ایک میچ برابر اور چار میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ اب تک دونوں ملکوں کے مابین مجموعی طور پر ہونے والی17 سیریز میں سے پاکستان نے 11 سیریز میں لنکن ٹائیگرز کو شکست سے دوچار کیا جبکہ سری لنکا نے 5 سیریز جیتیں اور ایک سیریز برابری پر ختم ہوئی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ 15جولائی کو کینڈی‘ تیسرا ایک روزہ میچ 19جولائی کو کولمبو‘ چوتھا ایک روزہ میچ 22جولائی کو کولمبو ہی میں جبکہ سیریز کا پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 26جولائی کو ہیمنٹوٹا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ سیریز کے بعد دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بالترتیب 30جولائی اور یکم اگست کو کھیلے جائیں گے۔