مادر ملت قومی و ملی تاریخ کاروشن چراغ ہیں،رفیق تارڑ

مادر ملت قومی و ملی تاریخ کاروشن چراغ ہیں،رفیق تارڑ

لاہور(جنرل رپورٹر)مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ ہماری قومی و ملی تاریخ کا وہ روشن چراغ ہیں جس کی ضیاء سے اس ارض پاک کے درودیوار آج بھی منور وتاباں ہیں آپ نے پاکستان میں جمہوری روایات کو فروغ دینے کیلئے مثالی جدوجہد کی آپ کا کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان ، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 48ویں برسی کے موقع پرمحفل قرآن خوانی کے بعدشرکاء سے خطاب کے دوران کیا ۔محفل قرآن خوانی کا اہتمام نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھااس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد،جسٹس(ر) آفتاب فرخ، مادرملتؒ کی معتمد ساتھی بیگم ثریا کے ایچ خورشید،بیگم مہناز رفیع ،چوہدری مشتاق احمد ورک، پروفیسرڈاکٹر پروین خان ،بیگم صفیہ اسحاق، مولانا محمد شفیع جوش،علامہ احمد علی قصوری ، مولانا محمد بخش کرمی، محمد یٰسین وٹو،بیگم حامد رانا، عزیز ظفرآزاد اورنظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہدرشید سمیت مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے ۔محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ مادرملتؒ نے ایک ایسے مرحلے پر اپنے عظیم بھائی قائداعظم محمد علی جناحؒ کی دیکھ بھال اور تیمارداری کا فریضہ سنبھالاجب مسلمانان ہند کو حصول آزادی کے حوالے سے ’’اب نہیں تو کبھی نہیں‘‘ جیسی صورتحال ددرپیش تھی۔ محترمہ فاطمہ جناحؒ نے قائداعظمؒ کو گھریلو تفکرات سے بالکل آزادکر دیا تاکہ وہ پوری یکسوئی اور دلجمعی سے حصول پاکستان پر توجہ مرکوز کر سکیں۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ مادرملتؒ پاکستان اور عالم اسلام کی بہت بڑی خادمہ تھیں ،آپ نے ساری زندگی پاکستان کیلئے وقف کر رکھی تھی۔آپ قائداعظمؒ کے ساتھ سترہ سال رہیں اور ان کی تیمارداری اور خدمت کی۔آپ نے ایک ڈکٹیٹر کے مقابلے میں بڑی بہادری سے الیکشن لڑا،انہیں دھاندلی کے ذریعے ہروادیا گیا۔بیگم ثریا خورشید نے کہا کہ میں طویل عرصہ مادرِ ملتؒ کے ہمراہ رہی اوریہ میری زندگی کے بہترین ایام تھے۔ وہ قوم کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت متحرک رہتیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...