عبدالعلیم خا ن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام رمضان گفٹس کی تقسیم جاری
لاہور (لیڈی رپورٹر ) رمضان المبارک میں عبدالعلیم خا ن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ضرورت مند خاندانوں میں راشن اور اشیائے خوردنوش پر مشتمل ڈیڑھ کروڑ روپے کے رمضان گفٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ،جس سے 8000کے لگ بھگ خاندان مستفید ہو چکے ہیں روزانہ رات 8سے9بجے گڑھی شاہو میں ا ن خواتین حضرات کو یہ رمضان گفٹس دیئے جاتے ہیں جن کی پہلے ہی گھر گھر جا کر رجسٹریشن ہو چکی ہے اور انہیں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی جانب سے کارڈز جاری ہو چکے ہیں ۔ چئیر مین تحریک انصا ف کے الیکٹورل آفس کے مشیر شعیب صدیقی نے یہ تحائف تقسیم کئے ،انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عبدالعلیم خان کی این اے 122کے عوام سے وابستگی لائق تحسین ہے جنہو ں نے ڈیڑھ کروڑ کی خطیر رقم کا معیاری راشن عوام میں تقسیم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے سے گذشتہ 15برسوں سے لوگوں کے دُکھ درد میں شریک ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ رہیں گے۔