داخلہ فیس خوردبرد کرنے کاکیس، ایج کالج کے پرنسپل کی درخواست ضمانت خارج
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج اصغر خان نے طلباء کی داخلہ فیس خوردبرد کرنے کے مقدمہ میں ملوث ایج کالج کے پرنسپل کی درخواست ضمانت خارج کردی ۔واضح رہے کہ ایج کالج ریوازگارڈن کے پرنسپل کی طرف سے طلباء کی داخلہ فیس خوردبرد کرنے کے خلاف والدین پرنسپل کی ضمانت خارج کرانے سیشن عدالت پہنچ گے جبکہ طلباء اور ان کے والدین نے سیشن کورٹ کے باہر احتجاج بھی کیا،ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کے باہر ریواز گارڈن اور ساندہ کے 35سے زائدطلباء کے والدین نے احتجاج کیا، والدین کا مطالبہ تھا کہ بچوں کی بی کام پارٹ ون کی داخلہ فیس یونیورسٹی بھجوانے کی بجائے خوردبرد کرنے اور طلباء کا سال ضائع کرنے والے پرنسپل کی ضمانت خارج کی جائے، انہوں نے کہا کہ ملزم نے ابھی تک بچوں کی فیسوں کی رقم بھی واپس نہیں کی۔عدالت نے طلباء کے والدین کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل کے دلائل سننے کے بعد پرنسپل ایج کالج شوکت کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری خارج کردی۔