نندی پور پاور پراجیکٹ سے پیداوار جاری ،تنقید کرنے والوں کا احتساب آن پہنچا ،عابد شیر علی

نندی پور پاور پراجیکٹ سے پیداوار جاری ،تنقید کرنے والوں کا احتساب آن پہنچا ...

 گوجرانوالہ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی شبانہ روز محنت سے آج نندی پور پاور پراجیکٹ اپنی بھرپور صلاحیت سے اپنا کام کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب پر بے جا تنقید کرنے والے آج آئیں اور دیکھیں کہ وہ منصوبہ جس کے کنٹریکٹر گزشتہ دور حکومت میں بھاگ گئے تھے آج مکمل ہو کر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب پر بلاوجہ کی تنقید کرنے والے میڈیا پر آ کر کہتے تھے کہ اس میں بہت بڑی کرپشن ہو گی۔ 88ارب روپے کی لاگت آئے گی، ان لوگوں کو آج جان لینا چاہیے کہ خادم اعلیٰ نے کارنامہ دکھا دیا ہے اور یہ منصوبہ 58ارب روپے کی لاگت سے تیار ہو کر اپنے پاؤں پر کھڑا ہے۔ جو لوگ کہتے تھے کہ یہ منصوبہ چلے گا ہی نہیں اور ٹی وی پر بیٹھ کر بڑی بڑی باتیں کرتے تھے انہیں بھی آج دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور اس منصوبے کی کارکردگی کو دیکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پاور پراجیکٹ کی 95میگا واٹ کی 3گیس ٹربائن اور ایک سٹیم ٹربائن ہے جو 138میگا واٹ پر ہے اس طرح ہم اس نندی پور پاور پراجیکٹ سے 425میگا واٹ بجلی حاصل کر رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ منصوبے پر 88ارب کی لاگت آنے کا ڈھنڈورا پیٹنے والے اور بلاوجہ کی تنقید کرنے والوں کے احتساب کا وقت آ گیا ہے ہم نے 58ارب روپے میں اس منصوبے کو مکمل کر کے اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عقل کے اندھے جو اس منصوبے سے 42روپے کا یونٹ کہتے تھے اور ہر وقت تنقید ہی کیا کرتے تھے جبکہ کبھی 35پنکچروں کی بھی بات کرتے تھے انہیں جان لینا چاہیے اور قوم سے معافی مانگنی چاہیے کیونکہ نیپرا نے اگلے 30سال کیلئے اس کی فی کس یونٹ کی جو قیمت مختص کی ہے وہ 11.30روپے فی یونٹ ہے ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ہم ایک ایک پائی کو قوم کی امانت سمجھ کر خرچ کرتے ہیں تا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ہماری حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے کیونکہ ہماری قیادت عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جو وعدہ بھی کیا اسے پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کا میڈیا آج اس بات کا گواہ ہے کہ یہ منصوبہ بھرپور طریقے سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب نندی پور منصوبے کے خلاف باتیں کرنے والوں کے احتساب کا وقت آ گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف پر بلاوجہ کی تنقید کرنے والوں کو ان کے کارناموں کو بھی دیکھنا چاہیے جو انہوں نے سرانجام دئیے ہیں اور نندی پور پاور پراجیکٹ بھی انہی کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان، شیخ رشید اور دیگر دوسرے مہمان اداکار جنہیں کچھ پتہ نہیں وہ ٹی وی پر آ کر کہتے تھے کہ نندی پور پراجیکٹ کھایا گیا ہے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اگر چین نہ جاتے اور بھاگے ہوئے کنٹریکٹرز کو واپس نہ لاتے تو 33ارب روپے جو کہ گزشتہ دور حکومت میں بغیر کسی پراگرس کے کنویں میں جا چکے تھے نہ صرف وہی نقصان ہوتا بلکہ آج 425میگا واٹ بھی نیشنل گرڈ سسٹم میں نہ آتے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں اس منصوبے کی مشنری منگوا کر بس اپنی کمیشن کھائی گئیں اور مشنری کو بندرگاہ پر گلنے سڑنے کے لئے چھوڑ دیا گیا۔ ہماری حکومت نے 33ارب روپے گزشتہ دور حکومت والے بھی واپس لائے اور مزید صرف 25ارب روپے خرچ کر کے قوم کو 425میگا واٹ کا تحفہ دے دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بھی کہا کہ اخبارات اور ٹی وی پر بغیر ثبوت کے خبریں شائع نہیں کرنی چاہیے۔ ہماری حکومت ٹرانسپرنسی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کا یہ مشن ہے کہ ملک سے بہت جلد اندھیروں کا خاتمہ کرنا ہے جس کے لئے مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ وہ لوگ جو کہتے ہیں کہ اس حکومت نے کیا ہی کیا ہے انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ 13000میگا واٹ جنریشن سے اٹھا کر ہم اسے 16300میگا واٹ پر لے آئے ہیں۔ اب قوم کو بلاوجہ ورغلانے والوں کو چاہیے کہ وہ اپنے منہ کو بند رکھیں اور ہونٹوں پر ایلفی لگا لیں، پہلے کنٹینروں پر ورغلاتے رہے اب ٹی وی شوز پر آ کر لوگوں کو ورغلاتے ہیں۔ وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پر کسی کے عوام کو ورغلانے کا کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ ہم وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں ڈلیور کر رہے ہیں۔ بلاوجہ کی تنقید کرنے والے سولر پر بھی باتیں کرتے رہے لیکن خود گزشتہ 2سالوں میں کے پی کے میں صرف 8میگا واٹ کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا نام بدلنے کی باتیں کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ ان کا نام تو خادم اعلیٰ ہے جو خادم اعلیٰ ہی رہے گا جو کہ عوام کی خدمت کی وجہ سے انہیں ملا ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ جو کہ اس وقت 425میگا واٹ پر چل رہا ہے اور انشاء اللہ اسے مستقبل میں مزید بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے اندھیروں کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کے خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے جھوٹ بولنے والوں کے جھوٹووں کو بے نقاب کرے اور آج عوام کو دکھائے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ اپنی فل آب و تاب سے چل رہا ہے اور عوام کو بجلی فراہم کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث وہ اپنی فریکونسی کنٹرول نہ کر سکا جس کے باعث ہمارے ٹاورز متاثر ہوئے۔ کراچی ہمارا دل ہے، ہمارا معاشی مرکز ہے اس لئے کراچی کے لوگوں کی تکلیف کو ہم کیسے بھلا سکتے ہیں بلکہ اس تکلیف کو تو پورا پاکستان محسوس کرتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے نندی پور پراجیکٹ کے ملازمین کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بونس کے طور پر دینے کا بھی اعلان کیا۔ عید پر لوڈشیڈنگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...