محصورین غزہ بھوک‘ بیماری سے مر رہے ہیں‘ ذمہ دار عالمی برادری ہے : ریڈکراس

محصورین غزہ بھوک‘ بیماری سے مر رہے ہیں‘ ذمہ دار عالمی برادری ہے : ریڈکراس
محصورین غزہ بھوک‘ بیماری سے مر رہے ہیں‘ ذمہ دار عالمی برادری ہے : ریڈکراس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

غزہ + نیو یارک (اے این این) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم "ریڈ کراس" نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں انسانی المیے کی ذمہ داری پوری عالمی برادری پرعائد ہوتی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے غزہ کی پٹی میں انسانی بحران کا مستقل حل نکالنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ریڈ کراس کی ترجمان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جولائی 2014 میں غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ نے اہالیان غزہ کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کیا۔ فلسطینیوں کی ان مشکلات کی ذمہ داری عالمی برادری پر عائد ہوتی ہے جو اہالیان غزہ کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی المیے کا مستقل بنیادوں پر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جنگوں اور معاشی محاصرے سے تباہی سے دوچار علاقے کے عوام کو سکھ کا سانس لینے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ "ریڈ کراس" کی خاتون عہدیدار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں پچھلے سال مسلط کی گئی جنگ کے بعد کی صورت حال جنگ سے پہلے کے حالات سے زیادہ خوفناک ہوچکی ہے۔ اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی کے شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ غزہ کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی بھی روک دی ہے۔ پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات ناپید ہیں۔ ہسپتالوں میں ادویات نہیں مل رہیں۔ شہری بے روزگار ہیں اور غربت میں آئے روز اضافہ ہو رہاہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک عشرے میں اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر تین بڑی جنگیں مسلط کیں مگر 2014ءکی جنگ نہایت تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔ دریں اثناءاقوام متحدہ نے مصری حکومت اور صہیونی ریاست سے فلسطین کے محاصرے کا شکار علاقے غزہ کی پٹی کی تمام اندرونی اور بیرونی گزرگاہیں فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان سٹیفن ڈوگریک نے نیویارک میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مصر اور اسرائیل دونوں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ کی تمام راہداریاں کھول دیں تاکہ فلسطینی آزادی کے ساتھ اندرون اور بیرون ملک سفر کر سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں بان کی مون کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں تعمیر نو کے عمل میں سست روی کا ایک سبب علاقے کا محاصرہ بھی ہے۔ ہم مصر اور اسرائیل سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ کی تعمیر نو میں مدد فراہم کرتے ہوئے غزہ کی ناکہ بندی ختم کریں۔