عید کے بعد 62مجرم تختہ دار پر لٹکائے جائیں گے
لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کی مختلف جیلوں میں سنگین جرائم میں ملوث 62 مجرموں کو عید الفطر کے فوری بعد پھانسی دی جائے گی۔ جیل انتظامیہ نے اس سلسلہ میں تمام انتطامات مکمل کرلئے ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق ان مجرموں کی سزا پر عملدرآمد رمضان المبارک میں سزائے موت پر خصوصی پابندی کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ جیل ذرائع کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث 120 مجرم اور 15 دہشت گردوںکو نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب کی مختلف جیلوں میں پھانسی دی جاچکی ہے جس کا آغاز دسمبر 2014ءمیں پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد کیا گیا تھا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب کی عدالتوں سے دہشتگردی کے 198 مقدمات میں سزا سنائی گئی جن سے 48 کو پھانسی اور عمر قید کی سزا دی گئی۔ پھانسی کی سزا پانے والوں میں سے 24 دہشت گردوں کی سزا کا قانونی عمل مکمل ہوچکا ہے اور ان میں سے 15 کو تختہ دار پر لٹکایا جاچکا ہے۔ باقی رہ جانے والے 9 مجرموں نے اپنی سزا کا جائزہ لینے کے لئے سپریم کورٹ میں متفرق درخواستیں دائر کررکھی ہیں جن کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔