مشیر صحت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ اجلاس، عوام کو صحت کی معیاری سہولیات دینے کا عزم
لاہور(اپنے خبرنگا ر سے)’’پنجاب ریزیڈنسی پروگرام‘‘ برائے پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز کو حتمی شکل دینے کے لئے ہفتے کے دن مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کے علاوہ وائس چانسلر کنگ ایڈ ورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر سردار فخر امام، پرووائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) پروفیسر جنید سرفراز خان، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر محمود شوکت،پروفیسر طارق زمان ، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، ڈپٹی سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر ناصر شاکر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں PG شپ کے لئے مختلف سپیشلٹیز اور سب سپیشلیٹز میں پیڈ اور نان پیڈ سیٹس مختص کرنے کے با رے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں ایسی سپیشلٹیز جن میں ڈاکٹرز کی قلت ہے ان سپیشلٹیز میں ڈاکٹرز کو پوسٹ گریجوایٹس کرنے کی ترغیب دینے کی حکمت عملی وضع کرنے کے لئے اجلاس کے شر کاء نے تجاویز دیں۔مشیر صحت نے کہاکہ حکومت کی کوشش یہ کہ پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز کی آن لا ئن انڈکشن کے لئے ایک شفاف پالیسی متعارف کرائی جائے جو خالصتا میرٹ پر مبنی ہو اور زیادہ سے زیادہ سیٹس پیڈ ہوں۔ مزید برآں اعزازی طو رپر PG شپ کرنے کے سلسلہ کو کم سے کم کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ اور بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہاکہ مذکورہ پالیسی کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرکے مریضوں کو درپیش مسائل پر قابوپاناہے۔انہوں نے کہا کہ تمام اقدامات کا مقصد ڈاکٹروں کو تربیت کے اچھے مواقع فراہم کرنا ہے۔نجم احمدشاہ نے کہا کہ حکومت کا اصل ہدف صوبے کے غریب عوام کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی ہے جس کے لئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔
