محترمہ فاطمہ جناح کی تحریک پاکستان کیلئے قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں :رفیق تارڑ
لاہور(اپنے خبر نگار سے ) مادرِملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی تحریکِ پاکستان اور جمہوریت کی خاطر دی جانیوالی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں۔ایوب خان کیخلاف صدارتی انتخابات میں انہیں دھاندلی کے ذریعے نہ ہروایا جاتا تو نہ مشرقی پاکستان ہم سے جدا ہوتا اور نہ موجودہ مسائل کا سامنا کرنا پڑنا تھا۔ محترمہ فاطمہ جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے افکاروکردار پر عمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان لاہور میں مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 49ویں برسی کے موقع پرمنعقدہ محفل قرآن خوانی کے بعدشرکاء سے خطاب کے دوران کیا ۔ محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ نے تحریک پاکستان کے دوران خواتین کو گھروں سے نکال کر آزادی کے لیے کام کرنے پر تیار کیا۔ محترمہ فاطمہ جناحؒ کی قائداعظم کے ساتھ انتھک محنت اور کوششوں کی بدولت ہی ہمیں آزادی کی نعمت حاصل ہوئی۔آپ نے اپنا سب کچھ پاکستان پر قربان کر دیا۔قائداعظمؒ نے متعدد بار اپنی بہن کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میری بہن نے مجھ پر جتنے احسانات کیے ہیں میں ان کا بدلہ نہیں اتار سکتا ۔ وہ سیاسی بصیرت میں اپنے بھائی قائداعظمؒ کی حقیقی جانشین تھیں۔ایک ایسی بہن جس نے اپنی زندگی کو بھائی کی خدمت اور تحریک آزادی کے لیے وقف کر دیا تھا جو قوم کی ماں کا لقب (مادر ملت) حاصل کر کے سرخرو ہوئیں۔ قائداعظمؒ ٹی بی کے مرض میں مبتلا تھے لیکن محترمہ فاطمہ جناحؒ نے ان کی بھرپورتیمارداری کی اوربہن ہونے کاحق اداکردیا۔ محترمہ فاطمہ جناحؒ نے اپنی زندگی میں خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اورانہیں ہر شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھانے کے حوالے سے بہت سے کام کیے۔ انہوں نے کہا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام آئندہ سال کو 70ویں سال آزادی کے طور پر منانے کیلئے ایک جامع پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے ۔اس دوران منعقدہ تقریبات میں محترمہ فاطمہ جناحؒ کی خواتین کے حقوق کیلئے جدوجہد کو بھی سامنے لایا جائے گا ۔ علاوہ ازیں پوری قوم بالخصوص نئی نسلوں کو قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ اور مادرملتؒ کے افکاروخیالات سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ نے اس وقت ایوب خان کے مقابلہ میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا جب کوئی ان کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارنہ تھا ۔انہیں اس بات کا بخوبی اندازہ تھا کہ انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا لیکن وہ میدان میں ڈٹ گئیں۔ ان انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے محترمہ فاطمہ جناحؒ کو ہروایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین مادرِ ملتؒ کی پیروی کرتے ہوئے قومی زندگی کے ہر شعبے میں سرگرم کردار ادا کریں اور وطن عزیز کو صحیح معنوں میں قائداعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کا پاکستان بنانے کی جدوجہد کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں۔ تقریب سے ڈاکٹر رفیق احمد، میاں فاروق الطاف،چوہدری نعیم حسین چٹھہ، ڈاکٹر محمد اجمل نیازی،بیگم مہناز رفیع ،پروفیسرڈاکٹر پروین خان ،بیگم صفیہ اسحاق اور شاہد رشیدنے بھی خطاب کیا۔ علامہ احمد علی قصوری نے محترمہ فاطمہ جناحؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کرائی۔
