افغانستان میں آسٹریلوی فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں توسیع
سڈنی(اے پی پی) آسٹریلیا نے افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کر دی ہےآسٹریلیا نے دوہزار تیرہ میں اپنے بیشتر فوجی افغانستان سے نکال لئے تھے لیکن افغان فوج اور پولیس کو ٹریننگ دینے کے بہانے اس نے270 آسٹریلوی فوجیوں کو افغانستان میں تعینات کر رکھا تھا ۔ ان 270 آسٹریلوی فوجیوں کی تعیناتی کی مدت بھی 2016 کے آخر تک ختم ہو جانی تھی لیکن آسٹریلوی حکومت نے افغانستان میں موجود اپنے ان فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں 6 مہینے توسیع کر دی ہے۔آسٹریلیا کی حکومت نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ وہ افغان فوج اور پولیس کو سوملین ڈالر کی اپنی سالانہ امداد جاری رکھے گی ۔اس سے پہلے امریکی صدر باراک اوباما نے بھی کہا تھا کہ امریکا کے تقریبا ساڑھے 8 ہزار فوجی افغانستان میں موجود رہیں گے۔ اوباما نے وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ افغانستان میں ساڑھے 5 ہزار کے بجائے 8ہزار 4 سو امریکی فوجی باقی رہیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سارے فوجی میری حکومت کی مدت کے اختتام تک افغانستان میں تعینات رہیں گے ۔
