عراقی وزیر اعظم نے سکیورٹی سربراہ کو برطرف کر دیا
بغداد (اے پی پی) عراق میں گزشتہ شب ایک مزار پر دہشت گردانہ حملے کے بعد وزیر اعظم حیدر العبادی نے ملکی سکیورٹی چیف کو برطرف کر دیا ہے۔ دارالحکومت بغداد سے اسّی کلومیٹر شمال کی جانب واقع شہر بلد میں ایک مزار اور ایک قریبی مارکیٹ پر کیے جانے والے اس حملے میں 37 افراد ہلاک جبکہ 62 دیگر زخمی ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی دہشت گرد تنظیم ’داعش نے قبول کر لی ہے۔ بغداد میں رواں ہفتے کے اوائل میں ہونے والے حملوں میں تقریباً تین سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ کئی انٹیلیجنس اور سکیورٹی اہلکاروں کو بھی برطرف کر دیا گیا ہے۔
