پنجاب ،عید کی چھٹیوں میں 1122نے 7039ایمرجنسیز پر 8080متاثرین کو مدد فراہم کی
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122) نے عید کی چھٹیوں کے دوران پنجاب بھر میں کل 7039ایمرجنسیز پر ریسپانڈ کرتے ہوئے 8080ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا ۔ پنجاب ایمرجنسی سروس کی ایمبولینس ،ریسکیو اورفائر سروسز نے تمام اضلاع میں عید الفطرکی تعطیلات پر کل 3554ٹریفک حادثات ،2527میڈیکل، 92 آتشزدگی، 13عمارتیں منہدم ہونے کے واقعات، 203 جرائم کے واقعات، 22ڈوبنے کے واقعات اور 627 دیگر ایمرجنسی کی اقسام پر ریسپانڈ کیا ۔ ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹرز میں ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈی جی ریسکیوپنجاب بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر ارشد ضیا نے عید جیسے مواقع پر ون ویلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عیدکی چھٹیوں میں ون ویلنگ کے 34واقعات رونما ہوئے جبکہ کل 7039ایمرجنسی میں سے 30افراد مختلف حادثات میں جاں بحق ہوئے۔پراونشل مانیٹرنگ سیل نے ڈائریکٹر جنر ل کو بتایا کہ تمام ضلعی ایمرجنسی سروسز نے مقامی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عید کے لئے"ایمرجنسی ریسکیو پلانز"کو حتمی شکل دی تھی اور اس سلسلے میں اہم مقامات، مساجد اورعید گاہوں پرایمبولینس اور فائر وہیکل کی تعیناتی کے علاوہ ریسکیو موبائل پوسٹیں بھی قائم کی گئی تھیں جس کے نتیجے میں ضلعی ایمرجنسی سروسز لاہور نے عید کی چھٹیوں میں کل 949ایمرجنسیز بشمول 631ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا ، فیصل آباد نے 601ایمرجنسیز بشمول 321ٹریفک حادثات ، گوجرانوالہ نے 352ایمرجنسیز بشمول 204ٹریفک حادثات، ملتان نے 328ایمرجنسیز بشمول 203 حادثات اور راولپنڈی نے 244 ایمرجنسیز بشمول 132 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا ۔ڈی جی ریسکیو پنجاب نے ون ویلنگ کے حوالے سے بتایا کہ عید جیسے موقعو ں پر ون ویلنگ کے واقعات بڑھ جاتے ہیں جو متعلقہ محکموں کے لئے سنجیدہ معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لئے ضروری ہے کہ روڈ اور لائف سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدر آمدکرایا جائے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈائرکٹر جنرل بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر ارشد ضیانے کہا کہ اگرچہ ایمرجنسی سروسز ہر وقت آپ کو ریسکیو کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن ون ویلنگ جیسے خطرنات کھیل میں ملوث ہوکر اپنی اور دوسروں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو ڈرائیونگ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ عید خوشیوں کا تہوار ہے اسے غم کے لمحات میں بدلنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے ریسکیورز کو بھی مبارکباد دی اور حالیہ سیلاب میں اسی جذبے سے کام کرنے پر زور دیا۔
