وزیراعلیٰ سندھ کی عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات پر سندھ پولیس اور رینجرز کی تعریف
کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ کو بھرپور سیکیورٹی انتظامات پر آئی جی سندھ پولیس ، ڈی جی رینجرز اور دیگر اداروں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ایک عظیم انسان تھے جنہوں نے انسانیت کی بے لوث خدمت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اداروں کے سربراہوں اور بڑی تعداد میں عام لوگوں کی شرکت ان کی شخصیت کا احترام ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایدھی صاحب کی خدمت اللہ تعالیٰ کو اتنی پسند تھی کہ ان کے جنازے کے دوران ہلکی پھوار رحمت کی طرح برستی رہی۔یاد رہے نماز جنازہ کے بعد پاکستانی فوج کے دستے نے عبدالستار ایدھی کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور 21توپوں کی سلامی کے بعد سپرد خاک کیا گیا۔
