عبدالستارایدھی کا تاریخی جنازہ،لوگ گل پاشی کرتے رہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسانیت کے غم خوار عبدالستار ایدھی کا جنازہ لوگوں کی شرکت کے حوالے سے کراچی کے بڑے جنازوں میں سے ایک تھا ۔بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کے انتقال کے بعد جس طرح قوم نے ان دونوں عظیم رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا تھا اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ ان کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے تھے اس طرح کے ہی مناظر عبدالستار ایدھی کے جنازے میں بھی دیکھنے آئے ۔سہراب گوٹھ سے میٹھادر ،میٹھادر سے نیشنل اسٹیڈیم براستہ لیاری ایکسپریس وے ،غریب آباد ،حسن اسکوائر ،شاہراہ فیصل سے ایدھی ولیج تک عوام کا جم غفیر اپنی محبوب شخصیت کو رخصت کرنے کے لیے جمع تھا ۔لوگ غم زدہ حالت میں کھڑے تھے اور لوگ دیوانہ وار ان کی میت پر گل پاشی کرتے رہے ۔
