کراچی ،ایدھی فاؤنڈیشن کے تمام اداروں میں سوگ کی فضا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے زیر انتظام چلنے والے یتیم خانوں ،اپنا گھر ،شیلٹرز ہوم ،نفسیاتی مریضوں کے علاج مراکز سمیت تمام اداروں میں سوگ کی فضا چھاگئی اور ان مراکز میں رہنے والے یتیم بچے ،بے سہارا خواتین ،بزرگ افراد اور ملازمین شدت غم سے نڈھا ل تھے اور وہ زاروقطار روتے رہے ۔بے سہارا بچوں اور خواتین کا کہنا تھا کہ آج ہمارے سروں سے سایا اٹھ گیا ہے ۔ہم پہلے بے سہارا ہو کر سہارے کی تلاش میں اپنے ابو ایدھی صاحب کے پاس پہنچے تھے ۔انہوں نے ہمیں ہر طرح سے خوشیاں فراہم کیں ۔آج ہم دوبارہ یتیم اور بے سہارا ہوگئے ہیں ۔عبدالستار ایدھی کے ایصال ثواب کے لیے ایدھی کے ذیلی اداروں میں قرآن خوانی بھی کی گئی ۔
