خشک سالی کا شکار بھارتی ریاست میں شدید بارشیں اور سیلاب،12افراد ہلاک،ہزاروں متاثر
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ۔خشک سالی کے شکار علاقہ میں شدید بارشوں اور ان کے باعث ہونے والے حادثات میں 12افراد جاں بحق متعددزخمی ہوئے جبکہ اب تک ہزاروں افرادکومحفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیاہے۔ 
بی بی سی نے بھارتی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ریاست کے کئی اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ضلع ستنامیں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ تمام 51 اضلاع میں امدادی مراکز قائم کردیئے گئے ہیں۔صرف ستنا سے چار ہزار لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت بھوپال سمیت تقریبا مدھیہ پردیش کے آدھے علاقے میں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔بھوپال میںہفتے کی رات سے ہونے والی مسلسل بارش نے صورت حال کو مزید خراب کر دیا ہے جس کی وجہ سے وہاں4 لوگ مارے گئے۔

محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔شدید بارش کے سبب ریاست سے گزرنے والے دریا نرمدا، پاروتی، چمبل اور کین میں طغیانی ہے۔بندیل کھنڈ علاقے کے پانچ اضلاع ساگر، چھتر پور، ٹیکم گڑھ، پننا، اور دموہ میں حالات ایسے ہی ہیں جیسے وہاں بادل پھٹ گئے ہوں۔
