معیشت کی مضبوطی میں تاجروں وصنعتکاروں کا کلیدی کردار ، وزیراعلیٰ سندھ

معیشت کی مضبوطی میں تاجروں وصنعتکاروں کا کلیدی کردار ، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(این این آئی)نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے حوالے سے صنعتکاروں اور تاجربرادری کے اہم کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،صنعتکاروں اور تاجر برادری کے جائز مسائل حل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، صوبے کو مسائل اور چیلنجز سے نکالنے کے حوالے سے صنعتکاروں اور تاجر برادری کا کلیدی کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیسربراہ قاسم سراج تیلی کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجر برادری کے 16 رکنی وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں چیئرمین سندھ روینیو بورڈ خالد محمود، سیکریٹری صنعت شمس سومرو، وزیراعلی سندھ کے سیکریٹری حفیظ عمرانی جبکہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وفد کے دیگر اراکین میں ہارون فاروق، انجم نثار، مفسر عطا، عبدالباسط، ہارون اصغر و دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں صنعتی علائقوں میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کے ساتھ ساتھ صنعتی علائقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے سندھ روینیو بورڈ کے ساتھ تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے سلسلے میں کہا کہ تاجر برادری کے جو بھی مسائل و مشکلات ہیں وہ انکے حل کیلئے کوشاں ہیں، تاجروں کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، انھوں نے وفد کو سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپ کو جوبھی مسائل ہیں انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وفد کی جانب سے وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ فائر ٹینڈرز اور اسنارکلز پورٹ پر پہنچ گئے ہیں بہت جلد انھیں سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔

ملاقات میں صنعتکاروں نے صنعتی علائقوں میں تجاوزات کی وجہ سے درپیش مسائل اور شہر میں اسٹریٹ کرائم سے متعلق شکایات کے حوالے وزیراعلی سندھ آگاہ کیا جس پر نگران وزیراعلی فضل الرحمان نے متعلقہ حکام کو احکامات دیتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے اور درپیش مسائل کے تدارک کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔علاوہ ازیں سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی وزیراعلی سندھ سے ملاقات کی اور اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیراعلی سندھ نے سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دلایا کہ انکے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...