پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس مزید کم کیا جائے ‘پیاف

پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس مزید کم کیا جائے ‘پیاف

لاہور ( این این آئی)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ا یشن فرنٹ(پیاف ) نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کم ہونے سے قیمتوں میں کمی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی تاہم ٹیکسز کی شرح میں مزید25 سے 30 فیصد کمی کی جائے،حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کے سیلز ٹیکس کی شرح کو سنگل ڈیجٹ پر لائے اور پٹرولیم لیوی سمیت دیگر ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے، ان پٹ کاسٹ اور خام مال کے بار بار بڑھنے سے تاجر و صنعت کار معاشی مسائل کا شکار ہیں ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کو بھی ریلیف ملے گا۔ ایندھن سستا ہونے سے اشیاء و پیداوار کی پیداواری لاگت میں کمی آتی ہے جس سے کاروباری برادری کو بھی ریلیف ملتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارقائم مقام چیئرمین پیاف خواجہ شاہزیب اکرم نے سنیئر وائس چئیرمین تنویر احمد صوفی کے ہمراہ تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔شاہزیب اکرم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات ٹریڈ، بزنس، اور انڈسٹریزمیں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں ان کی قیمتوں میں تھوڑاسا ردوبدل بھی مختلف شعبہ جات میں گہرا اثر ڈالتا ہے ۔چیئرمین نے کہا کہ اشیاء کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی ، مصنوعات کی ترسیل اور کارگو سیکٹر میں کرایوں میں کمی سے پیداواری لاگت کنٹرول میں رہتی ہے انھوں نے کہا کہ تاجر برادری چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتی ہے کہ وہ عالمی منڈی کے ریٹ، سیلز ٹیکس اور لیوی ٹیکس سمیت دیگر ٹیکز کا جائزہ لیکر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا جائے اور قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک منتقل کئے جائیں۔

مزید : کامرس