نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ ، فخر کا 46ویں سے دوسری پوزیشن پر جمپ

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ ، فخر کا 46ویں سے دوسری پوزیشن پر جمپ

دبئی(سپورٹس ڈیسک)جارح مزاج آسٹریلوی اوپنر ایرون فنچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں 3 درجے ترقی پا کر دوبارہ دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں 900 رینکنگ پوائنٹس حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی، فخر زمان 44 درجے لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ رینکنڈ پاکستانی بلے باز بن گئے، انہوں نے دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا، لوکیش راہول اور ڈی آرسی شارٹ کی ٹاپ ٹین، جیسن روئے اور جوز بٹلر کی ٹاپ ٹونٹی میں انٹری ہوئی ہے، ویرات کوہلی تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، پاکستانی ٹیم نے ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر لی، بھارتی ٹیم نے ایک درجہ ترقی پا کر آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھین لی۔ پیر کو آئی سی سی نے تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بلے بازوں میں ایرون فنچ جنہوں نے سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ تھا 3 درجے ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر آ گئے، انہوں نے پاکستان کے بابراعظم سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، بابر چار درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے، پاکستان کے فخر زمان جنہوں نے سہ فریقی سیریز میں غیرمعمولی بلے بازی کا مظاہرہ کیا 44 درجے لمبی چھلانگ لگا کر دوسرے نمبر پر آ گئے، بھارت کے لوکیش راہول 9 درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے، ڈری آرسی شارٹ 18 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، انہوں نے دسویں پوزیشن سنبھال لی، جیسن روئے 19 اور جوز بٹلر 9 درجے ترقی پاتے ہوئے ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے، روئے نے 15ویں اور بٹلر نے 17 پوزیشن حاصل کر لی، روہت شرما دو درجے اوپر چڑھ کر 11ویں نمبر پر آ گئے جبکہ ویرات کوہلی 4 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، وہ 8ویں سے 12ویں نمبر پر چلے گئے۔

، شعیب ملک اور سرفراز احمد دو، دو درجے بہتری کے ساتھ 28ویں اور 36ویں نمبر پر آ گئے، آصف علی کی 78ویں پوزیشن کے ساتھ رینکنگ میں انٹری ہوئی، زمبابوے کے سولومن مائر 25 ویں نمبر پر آ گئے، باؤلرز میں راشد خان سرفہرست ہیں، پاکستان کے شاداب خان دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، محمد عامر 6 درجے ترقی پا کر 12ویں نمبر پر آ گئے، محمد نواز 9 اور فہیم اشرف 21 درجے ترقی پا کر 32ویں اور 33ویں نمبر پر آ گئے، آل راؤنڈرز میں گلین میکسویل بدستور سرفہرست ہیں۔ ٹیموں میں پاکستانی ٹیم نے 132 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن مزید مضبوط کر لی، بھارت نے ایک سیڑھی چڑھ کر آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھین لی، آسٹریلوی ٹیم تیسرے نمبر پر چلی گئی، انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے، نیوزی لینڈ پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے نمبر پر برقرار ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی