قومی کھلاڑی جہانگیر خان کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرینگے

قومی کھلاڑی جہانگیر خان کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرینگے

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان سکوائش فیڈریشن نے ورلڈ جونیئر مینز انفرادی اور ٹیم سکوائش چیمپئن شپ کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کو ایک ہفتے کی تربیت کے لئے اسلام آباد سے کراچی بھجوا دیا ہے۔ پیر کو پاکستان سکوائش فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 9 رکنی قومی ٹیم ورلڈ جونیئر سکوائش انفرادی اور ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 14 جولائی کو بھارت روانہ ہوگی۔ ورلڈ جونیئر سکوائش انفرادی اور ٹیم چیمپئن شپ 18 سے 29 جولائی تک بھارت کے شہر چنائی میں کھیلی جائے گی جس کیلئے فیڈریش نے 6 کھلاڑیوں اور تین آفیشلز کو منتخب کیا ہے، کھلاڑیوں میں عباس زیب، عزیر رشید، حارث قاسم، عزیر شوکت، اسد اللہ اور فرخان ہاشمی شامل ہیں جبکہ آفیشلز میں یاسین خان اور فضل شاہ کوچز جبکہ منور زمان بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں۔ منتخب شدہ کھلاڑیوں کو پیر کو ایک ہفتہ کی تربیت کے لئے اسلام آباد سے پاک نیوی روشن خان جہانگیر خان سکوائش کمپلیس میں تریبت کے لئے بھجوا دیا گیا ہے اور وہ روانگی تک جہانگیر خان کی زیر نگرانی تربیت حاصل کریں گے۔ قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کے لئے کراچی سے 14 جولائی کو بھارت کے لئے روانہ ہو گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی