ہوٹل کی عدم ادائیگی پر بکنگ منسوخ ، پاکستانی ٹیم کی بو لاوئیوروانگی تاخیر کا شکار
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز سے قبل ایک نئے تنازع کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بولاوئیو شہر روانگی میں تاخیر ہوگئی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی زمبابوے کے شہر بولاوائیو روانگی روک دی گئی، زمبابوین کرکٹ بورڈ کی بد انتظامی اور مالی بحران کے اثرات دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز پر پڑتے نظر آرہے ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچز 13، 16، 18، 20 اور 22 جولائی کو کھیلے جانے ہیں۔ بولاوائیو میں جس ہوٹل میں ٹیم کو ٹھہرنا ہے اس ہوٹل کو ایڈوانس میں ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان ٹیم کی روانگی میں مزید 3 دن کی تاخیر ہوگئی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے ون ڈے سیریز بولاوائیو سے ہرارے منتقل کرنے کی تجویز دی تھی لیکن زمبابوین کرکٹ بورڈ نے یہ تجویز ماننے سے انکارکردیا۔قومی کھلاڑی پیر کی شام ہرارے کے جس ہوٹل سے ایئرپورٹ جانے کے لیے چیک آؤٹ ہوئے انہیں لابی ہی سے واپس کمروں میں شفٹ کردیا گیا۔پاکستانی کھلاڑی کئی گھنٹے ہوٹل لابی میں انتظار کے بعد کمروں میں سامان رکھ کر کھانا کھانے مختلف ریسٹورنٹس کی جانب روانہ ہوگئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی اب ممکنہ روانگی جمعرات کو ہوگی۔ جمعے کو پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عین موقع پر بولاوائیو سے اطلاع ہے کہ ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل نے بکنگ منسوخ کردی ہے۔