ٹی 20 رینکنگ ، فخر زمان کی لمبی چھلانگ ، 44ویں پوزیشن سے نمبر 2پر آگئے

ٹی 20 رینکنگ ، فخر زمان کی لمبی چھلانگ ، 44ویں پوزیشن سے نمبر 2پر آگئے

دبئی(سپورٹس ڈیسک)جارح مزاج آسٹریلوی اوپنر ایرون فنچ ٹی ٹونٹی کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں 3 درجے ترقی پا کر دوبارہ نمبر ایک بلے باز بن گئے، انہوں نے ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں 900 رینکنگ پوائنٹس حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی، فخر زمان ٹاپ رینکنڈ پاکستانی بلے باز بن گئے، دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا، ویرات کوہلی تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں ایرون فنچ دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر آ گئے، انہوں نے پاکستان کے بابراعظم سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، بابر چار درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے، پاکستان کے فخر زمان جنہوں نے سہ فریقی سیریز میں غیرمعمولی بلے بازی کا مظاہرہ کیا 44 درجے لمبی چھلانگ لگا کر دوسرے نمبر پر آ گئے، بھارت کے لوکیش راہول 9 درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے، ڈری آرسی شارٹ 18 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، انہوں نے دسویں پوزیشن سنبھال لی، جیسن روئے 19 اور جوز بٹلر 9 درجے ترقی پاتے ہوئے ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے، روئے نے 15ویں اور بٹلر نے 17 پوزیشن حاصل کر لی، روہت شرما دو درجے اوپر چڑھ کر 11ویں نمبر پر آ گئے جبکہ ویرات کوہلی 4 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، وہ 8ویں سے 12ویں نمبر پر چلے گئے۔ آل راؤنڈرز میں گلین میکسویل بدستور سرفہرست ہیں۔ ٹیموں میں پاکستانی ٹیم نے 132 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن مزید مضبوط کر لی، بھارت نے ایک سیڑھی چڑھ کر آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھین لی، آسٹریلوی ٹیم تیسرے نمبر پر چلی گئی، انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے، نیوزی لینڈ پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے نمبر پر برقرار ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی