قومی اداروں کو للکارنے والے لندن میں نہتے پاکستانیوں کا سامنا کریں ‘فیاض وڑائچ

قومی اداروں کو للکارنے والے لندن میں نہتے پاکستانیوں کا سامنا کریں ‘فیاض ...

لاہور (سٹی رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چودھری فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ شریف خاندان پاکستان کے اندر اور باہر عبرت کا نشان بن چکا، قومی اداروں کو لکارنے والے لندن میں نہتے پاکستانیوں کا سامنا کریں، پاکستان کے عوام بیرون ملک پاکستانیوں کی طرح قومی حمیت کا مظاہرہ کریں۔وہ گزشتہ روز یہاں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں آباد محنت کرنے والے پاکستانی شہری شریف خاندان کے ٹھاٹھ باٹھ، مغل خاندان جیسا رہن سہن دیکھ کر پیچ و تاب کھارہے ہیں،انہیں شریف خاندان کی اس خوشحالی میں اپنی خواہشات کا خون نظر آتا ہے، وہ جانتے ہیں کہ لندن میں مہنگی جائیدادیں پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بنائی گئیں اور احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد انہیں اس بات کا مکمل یقین ہوگیا ہے کہ شریف خاندان جدی پشتی ڈاکو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی بیرون ملک پاکستانیوں کی طرح قومی حمیت کا مظاہرہ کریں اور چوروں، ڈاکوؤں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے احتساب اور انصاف کے اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں، قانون کی نظر میں ڈاکوؤں کے سہولت کار بھی ڈاکو ہوتے ہیں،دیکھتے ہیں حب الوطنی کا دعویٰ کرنے والے باقی ماندہ لیگی امیدوار کب تک پاکستان اور اس کے عوام کے مفادات سے کھیلنے والے اس خاندان کی بیساکھی بنتے ہیں،پاکستان میں فوج،عدلیہ، سیاسی جماعتوں اور ایڈمنسٹریٹو اداروں کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلانے اور انہیں تہ و بالا کرنے کی مذموم دھمکیاں دینے والے شریف خاندان کیلئے افراد لندن میں گھر سے باہر نکلنا ناممکن ہو گیا، یہ اللہ کی گرفت ہے کہ وہ دولت جو انہوں نے غریب کا خون نچوڑ کر جمع کی تھی آج وہی دولت ان کیلئے ذلت کا سامان بن چکی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1