پاکستان کواسلامی،فلاحی سلطنت بنانے کیلئے جامع منشور پیش کیا، اشرف آصف

پاکستان کواسلامی،فلاحی سلطنت بنانے کیلئے جامع منشور پیش کیا، اشرف آصف

لاہور (پ ر)تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ اور تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے دیگر قائدین کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں تحریک لبیک اسلام کا انتخابی منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کواسلامی،فلاحی سلطنت بنانے کے لئے انقلابی اور جامع منشور پیش کر دیا ہے۔ ہم نظامِ مصطفی ﷺ کی حکمرانی، ناموسِ مصطفی ﷺ کی پاسبانی ، غلبۂ اسلام، پاکستان کے استحکام اورفلاحِ عوام کے لئے میدان میں اترے ہیں۔ پاکستان مذہب کے نام پر ووٹ سے معرض وجود میں آیا ہے اور اسے مذہبی ایجنڈے سے ہی بچایا جا سکتا ہے جیسے قیامِ پاکستان کے وقت رنگ ، نسل، کلچر، ذاتی مفادات اوربرادری سے بالاتر ہو کر ووٹ دینے سے پاکستان بنانے کی منزل حاصل کی گئی تھی ایسے ہی ان نعروں سے بالاتر ہو کر ووٹ سے آج پاکستان بچانے کی منزل بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ہمارا منشور تعلیمی ترقی، معاشی خوشحالی، انصاف کی فراہمی، صحت عامہ، دفاعِ پاکستان، محفوظ معاشرہ، حقوقِ نسواں، فلاحِ کسان، خوشحال مزدور، آزاد میڈیا، مفاداتِ امت اور اقلیات کے تحفظ جیسے اہم اہداف پر مشتمل ہے۔ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی جدوجہد ، برما کے مسلمانوں کی بحالی، عافیہ صدیقی کی رہائی، کالا باغ ڈیم کی تعمیر اور پاکستان سے دہشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ ہمارے منشور کا لازمی حصہ ہے۔ تحریک لبیک اسلام کے امیدواروں سے تحفظِ ختمِ نبوت، نظامِ مصطفی ﷺ کے نفاذ، عریانی، فحاشی،اور سودی معیشت کے خاتمے کے لئے انتھک جدو جہد کا حلف لیا گیاہے۔تحریک لبیک اسلام کی ٹکٹوں کی تقسیم میں دنیاوی اور مالی پوزیشن کو نہیں، دینی، اعتقادی اور نظریاتی حیثیت کو پیش نظر رکھا گیاہے۔ ہمارے ایک سو دو امیدوار فرسودہ نظام کے خلاف حق کا پرچم بلند کر رہے ہیں۔تحریک لبیک اسلام پاکستان کی وہ واحد جماعت ہے جس نے اپنی رجسٹریشن کے صرف ایک مہینہ بعد اتنی بڑی تعداد میں اعلیٰ تعلیم یا فتہ اور با کردار امیدوارکھڑے کیے ہیں۔ بہت سی سیاسی جماعتیں پاکستان کے لئے بذاتِ خود ایک مسئلہ ہیں وہ پاکستان کے مسائل کیسے حل کر سکتی ہیں چند نام نہاد لیڈروں نے مغربی آقاوءں کویہ باور کرا رکھا ہے کہ پاکستانی قوم ان کی طرح مغرب نواز اور امریکہ کی غلام ہے غیرت مند پاکستانیوں کے لئے یہ سنہری موقع ہے کہ وہ نظامِ مصطفی ٰ ﷺ کو ووٹ دے کر یہ ثابت کر دیں کہ پاکستانی قوم امریکہ کی نہیں بلکہ تاجدارِ مدینہ ﷺ کی غلام ہے ہمارا انتخابی نشان ’’توپ ‘‘غازیوں کا نشان ہے ان شاء اللہ 25جولائی کو لبیک یا رسول اللہ ﷺ اور چھایا چھایا دین چھایا کی صداؤں سے پورا ملک گونج اٹھے گا۔ انہوں نے کہاہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان سب سے بڑی دہشت گردی کا اعلان ہے جو امن عالم تباہ کرنے کی ایک بہت بڑی سازش ہے ۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان پر عالمِ اسلام کو ہالینڈ کا قطعی طور بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرنا چاہیے، اور سنگین ترین نتائج کی دھمکی دینی چاہیے۔راجہ ظفر الحق رپورٹ شائع کر کے حلف نامۂ ختمِ نبوت میں تبدیلی کے مجرموں کو الیکشن لڑنے سے روکا جائے اور انہیں سزائیں دی جائیں ۔ نواز شریف ناموس رسالت ﷺ سے بے وفائی کی وجہ سے اللہ کی پکڑ میں ہے یہ اس کی ذلت کا آغاز ہے اور انتہاء بڑی شرمناک اور خطرناک ہو گی۔ پریس کانفرنس میں پیر محمد اقبال ہمدمی، مفتی محمد عابد جلالی، صاحبزادہ محمد امین اللہ نبیل سیالوی، علامہ فرمان علی جلالی، صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی،علامہ محمد صدیق مصحفی، میاں محمد لطیف، شاہد محمود نمبر دار، محمدندیم خان شیروانی، میجر (ر )محمد ظہیر، حاجی محمد نواز نیاز، قاری محمد سلامت علی چشتی، حاجی محمد آصف ندیم سمیت قائدین اور امیدواروں نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...