پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے: ناصر الملک

پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے: ناصر الملک

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)نگران وزیرا عظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں منصوبوں پرعملدرآمد کے سلسلہ میں واپڈا کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک کو درپیش پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی اور انہیں ملک میں پانی و پن بجلی کے شعبوں سے متعلق امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو واپڈا کے منصوبوں بالخصوص دیامر بھاشااور مہمند ڈیموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کے منصوبوں پر کام مالی سال 2018-19ء کے دوران شروع ہو جائے گا۔ دیامر بھاشا ڈیم میں 8.1ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی اور اس منصوبے سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ اسی طرح مہمند ڈیم ہائیڈروپاور پراجیکٹ میں 1.2 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی اور جبکہ اس منصوبہ سے 800 میگاواٹ بجلی بھی پیدا کی جاسکے گی۔ اسی طرح 1410 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل تربیلا 5 توسیعی منصوبہ، 2160 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا منصوبہ داسو سٹیج ٹو، 7100میگاواٹ کا بونجی اور کثیر المقاصد کرم تنگی ڈیم کا دوسرا مرحلہ تعمیر کے لئے تیار منصوبوں میں شامل ہیں۔ چیئرمین واپڈانے ملک میں پانی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے واپڈا کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ واپڈا نے اگست 2017ء کے بعد سے ڈیرہ بگٹی اسلام آباد میں72ہزار ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے اور 2487 میگاواٹ پن بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کے لئے بڑے منصوبے مکمل کئے ہیں۔ جو منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ان میں کچھی کنال کافیز ون، گولن گول، تربیلا کاچوتھا توسیعی منصوبہ اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاورپراجیکٹ شامل ہے۔ اسی طرح کرم تنگی ڈیم کاپہلامرحلہ 2020ء میں مکمل ہو گا جبکہ 2160 میگاواٹ داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کاپہلامرحلہ 2023ء تک بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔ وزیرا عظم نے پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں منصوبوں پرعملدرآمد کے سلسلہ میں واپڈا کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ ملک کو درپیش پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

ناصر الملک

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...