ڈولفن سکواڈ کے 4جوانوں نے جان پر کھیل کر خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا ، دوسرا فرار

ڈولفن سکواڈ کے 4جوانوں نے جان پر کھیل کر خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا ، دوسرا ...

لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے گذشتہ شب جان پر کھیل کر پولیس مقابلے کے بعد سنگین مقدمات میں ملوث ملزم کو گرفتارکر نے پر ڈولفن سکواڈ کے چار شیر دل جوانوں کو نقد انعام و تعریفی اسناد دے دیں۔ اس موقع پر ایس پی موبائل سکواڈ محمد ندیم ، ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی رانا طاہرالرحمن اور ڈی ایس پی عمرفاروق بھی موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق ڈولفن سکواڈ ٹیم نمبر 263 کے چار جوان عاطف ، ندیم ، بلال، اور علی رضا اپنے علاقہ میں گشت کر رہے تھے, دوران گشت ڈولفن سکواڈ کے اہلکاروں نے بھو بتیاں چوک کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا جس پرانہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی ۔ڈولفن سکواڈ کی ٹیم نے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کا تعاقب کیا تو انہوں نے ڈولفن سکواڈ کی ٹیم پر فائرنگ کر دی ۔ ڈولفن سکواڈ کے اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت ،انتہائی جرات اور بہادری سے خطرناک ملزم ساجد کو گرفتارکر لیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ڈولفن سکواڈ کی ٹیم نے ملزم کے قبضہ سے ایک عدد ہنڈ ا125،نقدی 3250روپے اور ایک پسٹل برآمد کر لیا۔ گرفتار شدہ ملزم کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا جس سے مزید برآمدگی اورانکشافات کی توقع ہے ۔ خطرناک ملزم کی گرفتاری پرڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے ایس پی موبائلز محمد ندیم اور ڈی ایس پی عمر فاروق کو بھی شاباش دی۔

مزید : علاقائی