زرداری او ر فریال کے نام بھی ا سی ایل میں شامل ،ُ ُُٰپیپلز پارٹی کا اہم اجلاس آج طلب

زرداری او ر فریال کے نام بھی ا سی ایل میں شامل ،ُ ُُٰپیپلز پارٹی کا اہم اجلاس ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ آف پاکستان نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت سات افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل )میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے تمام افراد کو 12 جولائی کو سپریم کورٹ میں طلب کرلیا ہے۔ پیر کو سپریم کورٹ نے ان افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم چند روز قبل آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کے خلاف درج ہونے والے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ہونے والی ابتدائی تفتیش کی بنا پر دیا ہے۔عدالت نے چیئرمین نیب ،چیئرمین ایف بی آراورایس ای سی پی کو بھی نوٹسز جاری کئے جبکہ تمام افراد کی حاضری کویقینی بنانے کے لئے آئی جی سندھ کو بھی حکم جاری کیا گیا ہے جن دیگر افراد نے بینک اکاؤنٹس سے فوائد حاصل کیے ان میں طارق سلطان ، ارم عقیل، محمد اشرف، اقبال آرائیں، محمد عمیر ،عدنان جاوید ،قاسم علی، انورمجید ،عبدالغنی مجید ،اسلم مسعود ،عارف خان ،نورین سلطان، کرن امان ،نصیرعبداللہ لوتھہ،محمداقبال خان نوری ،اعظم وزیرخان شامل ہیں۔اس سے قبل وزارت داخلہ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت سات افراد کے نام سٹاپ لسٹ میں ڈالے تھے۔بی بی سی کے مطابق سیکرٹری داخلہ کے پاس یہ صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ کسی بھی شخص کا نام ایک ماہ کیلئے سٹاپ لسٹ میں ڈال سکتے ہیں لیکن اس اقدام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اس کے علاوہ پاکستان میں پروویژنل آئیڈینٹیفیکیشن لسٹ (عارضی شناختی فہرست) بھی متعارف کروائی گئی ہے جس کے تحت ایف آئی اے کے حکام کے پاس بھی اختیار ہے کہ وہ کسی بھی شخص کا نام اس لسٹ میں شامل کرسکتے ہیں۔اس اقدام کا مقصد کسی بھی ایسے شخص کو بیرون ملک جانے سے روکنا ہے جو کسی بھی مقدمے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہو۔ تاہم اس کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہ کیا گیا ہو۔وزارت داخلہ کے پاس کسی بھی شخص کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا بھی اختیار ہے تاہم اس پر وقت کی حد مقرر نہیں ہے اور کسی بھی شخص کا نام کسی بھی وقت نکالا جاسکتا ہے ۔پاکستان پیپلز پارٹی نے ایف آئی اے کے سربراہ بشیر میمن کو ان کے عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست بھی دے رکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بشیر میمن کے بھائی کراچی کے ایک حلقے سے عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اس لیے اْنھیں اس عہدے سے ہٹایا جائے۔سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے وفاقی حکومت کو واضح ہدایات دی ہیں کہ ڈی جی ایف آئی اے کو عدالت عظمیٰ کو بتائے بغیر اْنھیں کسی دوسری جگہ ٹرانسفر نہ کیا جائے۔محکمہ داخلہ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے اور بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرنے کی تردید کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے کوئی احکامات جاری نہیں کیے، اس حوالے سے اگر کوئی عدالتی احکامات موصول ہوئے تو پھر معاملے کو دیکھیں گے۔

ای سی ایل

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،آن لائن) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو سپریم کورٹ طلبی کے بعد آصف زردری نے باقاعدہ طور پر قانونی مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے رابطہ کیا۔۔ آصف زرداری نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈووی والا ‘ شیری رحمان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو آج لاہور طلب کرلیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے تمام رہنماء آج لاہور روانہ ہوں گے۔ جہاں آصف زرداری کے ڈیرے پر اہم اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے تحریری حکم نامے پر قانونی مشاورت کی جائے گی۔ مشاورت کے بعد سپریم کورٹ میں پیش ہونے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے گھر اور شوگر ملز پر سکیورٹی مقاصد کیلئے تعینات 150 سے زائد پولیس اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا۔ بینظیر آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس اعجاز احمد نے تصدیق کی ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اضلاع کے مختلف علاقوں میں آصف علی زرداری کے اثاثوں پر تعینات پولیس افسران کو تھانے رپورٹ کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ، تاہم سابق صدر کی حیثیت سے زرداری ہاؤس کی منظور شدہ سکیورٹی برقرار رہے گی، شخصیات اور اداروں کیلئے اضافی یا غیر منظور شدہ پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی کے فرائض سے ہٹا دیا گیا، انتخابات کی تاریخ قریب آرہی ہے تاہم پولیس اہلکاروں کو نواب شاہ کے مختلف حصوں میں تعینات کیا جائے گا۔ جس کو سکیورٹی درکار ہے وہ درخواست جمع کرانے کا پابند ہوگا تاہم درخواست پر حتمی فیصلہ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی اور متعلقہ ادارے میرٹ کی بنیاد پر لیں گے اس حوالے سے، ذرائع نے بتایا کہ زرداری ہاؤس پر تعینات 36 پولیس اہلکاروں کو بھی واپس بلالیا گیا۔

مزید : صفحہ اول