پی ٹی آئی کے ناصر چیمہ، آفتاب اکبر، آزاد امیدوار سردار غلام عباس نااہل
اسلام آباد(صباح نیوز، این این آئی)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے دو امیدواروں گوجرانوالہ سے ناصر چیمہ اور چکوال سے سردار آفتاب کے علاوہ چکوال ہی سے ایک آزاد امیدوار سردار کو الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قراردے دیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے گوجرانوالہ سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ناصر چیمہ کو الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناصر چیمہ پی پی 53گوجرانوالہ سے الیکشن نہیں لڑسکتے ۔ ناصر چیمہ کو پوسٹر پر چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاویز لگانے پر نااہل کیا گیا ۔دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان میں انتخابی عذرداری کی سماعت کے دوران حلقہ پی پی 23 چکوال سے پی ٹی آئی کے امیدوار سردار آفتاب اکبر اور این اے 64 چکوال سے آزاد امیدوار سردار غلام عباس کی درخواست مسترد کردی گئی۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے درخواستیں مسترد کیے جانے کے بعد سردار غلام عباس اور سردار آفتاب اکبر الیکشن 2018ء کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے سردار غلام عباس کے متعلق ریمارکس دیے کہ ان کا تو انکم ٹیکس ریکارڈ ہی نہیں ہے۔جس پر سردار غلام عباس کے وکیل کامران مرتضیٰ نے جواب دیا کہ انکم ٹیکس ریکارڈ تو اس لیے نہیں ہے کہ آمدن ہی نہیں ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر آمدن نہیں ہے تو الیکشن کیسے لڑیں گے؟جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ نے جائیداد بھی ظاہر نہیں کی۔غلام عباس کے وکیل کامران مرتضیٰ نے جواب دیا کہ تمام جائیداد ظاہر کی ہے، یہ وراثتی جائیداد ہے۔عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کردی اور کہا کہ وجوہات تفصیلی فیصلے میں بتائی جائیں گی۔واضح رہے کہ سردار غلام عباس نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، ان کی جانب سے ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔