تعلیمی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے منظم پالیسی اختیار کرنا ہو گی

تعلیمی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے منظم پالیسی اختیار کرنا ہو گی

لاہور(جنرل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ شعبہ تعلیم کا پائیدار فروغ ہی کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے اور تعلیم کی بدولت ہی ترقی یافتہ ممالک نے اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کیا۔ تعلیمی شعبے کو عصر حاضر کے جدید چیلنجز سے نبرد آزما و جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے منظم پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے نئی اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرپرسن پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں ہائیر ایجوکیشن اور ریسرچ و ڈویلپمنٹ کے شعبہ کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت اور کامیابی کی کنجی ہے، لہٰذا اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے درست سمت میں تیزی سے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے پائیدار فروغ کیلئے کوالٹی ایجوکیشن پر توجہ مرکوز کی جائے کیونکہ کوالٹی ایجوکیشن کو اپنا کر ہی تعلیم کے شعبے میں اہداف کو حاصل کیا جاسکتا ہے لہٰذا اس مقصد کیلئے یونیورسٹیوں میں ریسرچ و ڈویلپمنٹ کے کام پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر خالد مسعود گوندل سے ملاقات کے موقع پر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ میڈیکل کے شعبہ میں ریسرچ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اور میڈیکل ریسرچ کو فروغ دے کر بین الاقوامی میدان میں پاکستان اپنا نام پیدا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طب کا شعبہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبے کا متقاضی ہے لہٰذامیڈیکل کے طلبہ کو دوران تعلیم انسانیت کی خدمت پر مائل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے مریدکے نارووال روڈ پر بنائے جانے والے نیو کیمپس کو سیالکوٹ لاہور موٹروے کے ساتھ منسلک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیں گے۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کو اپنی کتاب ’’مشاہدات و تاثرات‘‘ پیش کی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...